سڈنی سکسرز نے عمر اکمل سے معاہدہ کر لیا

1 1,028

رواں سال چیمپئنز لیگ اور بگ بیش لیگ جیسے بڑے ٹورنامنٹ جیت کر تہلکہ مچا دینے والی آسٹریلیا کی ٹیم سڈنی سکسرز نے پاکستان کے نوجوان بلے باز عمر اکمل سے معاہدہ کر لیا ہے، جس کے تحت وہ اگلی بگ بیش لیگ میں ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔

عمر اکمل کی نظریں اب دسمبر میں آسٹریلیا روانگی پر مرکوز (تصویر: ICC)
عمر اکمل کی نظریں اب دسمبر میں آسٹریلیا روانگی پر مرکوز (تصویر: ICC)

بگ بیش لیگ کی باضابطہ ویب سائٹ (bigbash.com.au) کے مطابق عمر اکمل اگلے سیزن کے ابتدائی دو سے تین میچز کے لیے دستیاب ہوں گے۔ جیسا کہ ان کے ہم وطن شاہد خان آفریدی بھی سڈنی تھنڈر کے لیے ابتدائی دو، تین مقابلے ہی کھیلیں گے۔

پاکستان کی جانب سے 26بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والے عمر اکمل 30.52 کا اچھا اوسط رکھتے ہیں اور سکسرز جیسی مضبوط ٹیم میں اک شاندار اضافہ ہوں گے جہاں ڈیوڈ وارنر جیسا شعلہ فشاں بلے باز پہلے سے موجود ہے۔

اس پیشرفپ کے حوالے سے عمر اکمل کا کہنا ہے کہ میری نظریں اب دسمبر میں آسٹریلیا روانگی اور سڈنی میں قیام پر مرکوز ہیں۔ جہاں میری کوشش ہوگی کہ سڈنی سکسرز اپنے اعزاز کے دفاع میں کامیاب ہو جائے۔

ٹی 20 بگ بیش آسٹریلیا کی مقامی کرکٹ لیگ ہے جو کرکٹ آسٹریلیا کے زیر اہتمام منعقد ہوتی ہے اور اس میں دیگر تمام لیگ کرکٹ مقابلوں کی طرح شہروں کی بنیاد پر فرنچائز حصہ لیتی ہیں۔ ٹورنامنٹ کی سرفہرست دو ٹیمیں چیمپئنز لیگ کے لیے کوالیفائی بھی کرتی ہیں۔

سڈنی سکسرز نے گزشتہ سال پرتھ اسکارچرز کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا اور اس مرتبہ بھی وہ انتہائی مضبوط ٹیم میدان میں اتار کر دوبارہ اعزاز اپنے نام کرنا چاہتا ہے۔ حال ہی میں چیمپئنز لیگ 2012ء جیت کر اس کے حوصلے ویسے ہی بہت بلند ہو چکے ہیں۔

ماضی میں پاکستانی کھلاڑی بگ بیش لیگ میں شرکت کر چکے ہیں اور ہوبارٹ کی جانب سے کھیلتے ہوئے رانا نوید الحسن نے گزشتہ سال سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ بھی انجام دیا تھا۔