ایک مرتبہ پھر بارش اور سری لنکا کی فتح
سری لنکا-نیوزی لینڈ سیریز کا اب تک کوئی ایسا مقابلہ نہیں جو بارش سے متاثر نہ ہوا ہو، صرف ایک مقابلہ نتیجہ خیز ہو سکا وہ بھی ڈک ورتھ لوئس طریق کار کی بنیاد پر اب تیسرے ایک روزہ میں بھی اس طریقے کو آزماتے ہوئے فیصلہ کیا گیا جہاں سری لنکا نے 7 وکٹوں سے با آسانی کامیابی حاصل کر کے سیریز میں 2-0 کی برتری سمیٹ لی۔
تیسرا مقابلہ جو کولمبو میں کھیلا جانا تھا، لیکن وہ شدید بارشوں اور میدان کے جھیل بن جانے کے باعث پالی کیلے میں منتقل کیا گیا، جہاں بارش نے اسے 33 اوورز فی اننگز تک محدود کر دیا۔ سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کی ٹھانی اور بریڈلے-جان واٹلنگ نے انتہائی نازک صورتحال میں شاندار اننگز کھیل کر اسکور کو 188 کے مستحکم اسکور تک پہنچایا۔ گو کہ وہ صرف چار رنز کے فاصلے سے اپنی پہلی ایک روزہ سنچری سے محروم رہ گئے لیکن انہوں نے اپنے باؤلرز کو یہ موقع ضرور فراہم کر دیا کہ وہ اعتماد کے ساتھ ہدف کے دفاع کے لیے میدان میں اتریں لیکن تلکارتنے دلشان نے مہمان ٹیم کے تمام تر ارادوں کو خاک میں ملا دیا۔
واٹلنگ کی 96 رنز کی اننگز 88 گیندوں پر 12 چوکوں سے مزین تھی اور اس صورتحال میں کھیلی گئی کہ ٹیم کے چار سرفہرست بلے باز مکمل طور پر ناکام ہو گئے تھے۔ راب نکول 7، برینڈن میک کولم 13، روز ٹیلر 7 اور جیکب اورم 2 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ جیمز فرینکلن نے 26 اور ناتھن میک کولم نے 22 رنز بنا کر کسی حد تک واٹلنگ کا ساتھ دیا۔
سری لنکا نے 7 گیند بازوں کو آزمایا جن میں سے چار وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ جیون مینڈس نے 2 اور لاستھ مالنگا، نووان کولاسیکرا اور اینجلو میتھیوز نے ایک، ایک، وکٹ حاصل کی۔
33 اوورز میں 197 کے ہدف کا تعاقب کرنا سری لنکا کے لیے اک مشکل امر ضرور تھا لیکن دلشان کی 102 رنز کی ناقابل شکست اننگز اور آخر میں اینجلو میتھیوز کے بھرپور ساتھ نے اس مرحلے کو آسان تر بنا دیا۔ گو کہ دلشان کی وجہ سے سری لنکن اننگز ابتداء ہی سے تیز رفتاری سے آگے بڑھی لیکن ابتدائی 15 اوورز میں مہیلا جے وردھنے اور کمار سنگاکارا سمیت تین وکٹوں کے نقصان نے مقابلے کو تقریباً برابری کی سطح پر پہنچا دیا۔ اس نازک صورتحال میں دلشان اور میتھیوز نے چوتھی وکٹ پر 127 رنز کی ناقابل شکست رفاقت قائم کی اور سری لنکا کو 32 ویں اوور ہی میں فتح سے ہمکنار کر دیا۔
دلشان 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے صرف 95 گیندوں پر 102 رنز اور میتھیوز 7 چوکوں کی مدد سے 47 گیندوں پر 54 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے کائل ملز، ٹم ساؤتھی اور ناتھن میک کولم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
تلکارتنے دلشان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
سیریز کا چوتھا ایک روزہ مقابلہ 10 نومبر کو ہمبنٹوٹا میں کھیلا جائے گا۔