بگ بیش لیگ: سعید اجمل نے ایڈیلیڈ سے معاہدہ کر لیا
بگ بیش لیگ کے لیے ٹیموں کی تیاریاں زبردست مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں اور گزشتہ روز چیمپئن سڈنی سکسرز کی جانب سے عمر اکمل سے معاہدے کے تحت ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز نے دنیا کے نمبر ایک اسپنر سعید اجمل سے معاہدہ کر لیا ہے جو آنے والی بگ بیش لیگ میں پہلے اور ممکنہ طور پر آخری مقابلوں کے لیے دستیاب ہوں گے۔
حال ہی میں متحدہ عرب امارات کے میدانوں میں آسٹریلوی بلے بازوں کو ناکوں چنے چبوانے میں سعید اجمل کی شمولیت نہ صرف ایڈیلیڈ بلکہ خود بگ بیش لیگ میں اک اہم اضافہ ہوگا اور اس لیگ میں پاکستانی شائقین کی دلچسپیوں میں اضافے کا باعث بنی بنے گی۔
ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں 15.4 کا شاندار اسٹرائیک ریٹ رکھنے والے سعید اجمل اس وقت ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی کی عالمی درجہ بندی میں سرفہرست بلے باز ہیں جبکہ ٹیسٹ میں بھی آپ دنیا کے نمبر ایک اسپنر ہیں۔
بگ بیش لیگ کی باضابطہ ویب سائٹ کے مطابق سعید اجمل کا کہنا ہے کہ میں ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کی نمائندگی کرنے کے حوالے سے بہت پرجوش ہیں اور بی بی ایل میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملنے پر خوش بھی۔ میں ٹیم کے دیگر اراکین سے ملنے کی تمنا رکھتا ہے اور جن مقابلوں میں موجود ہوں گا ان میں بہترین کارکردگی دکھاؤں گا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایڈیلیڈ آخری مرحلے میں جگہ پانے میں کامیاب ہوگا تاکہ وہ لیگ ٹائٹل جیتنے کے لیے ان کی مدد کے لیے دوبارہ آ سکیں۔
ایڈیلیڈ کے کوچ ڈیرن بیری نے کہا ہے کہ وہ سعید اجمل کے ساتھ معاہدے پر بہت خوش ہیں۔ ان کی شمولیت ٹیم کے ہوم گراؤنڈ ایڈیلیڈ اوول میں خشک وکٹوں پر اسپن کو بحیثیت جارحانہ ہتھیار استعمال کرنے کی حکمت عملی کی تازہ مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ”ہم سب جانتے ہیں کہ سعید اجمل کیا کر سکتا ہے، چند ماہ قبل وہ آسٹریلیا اور انگلستان کے بلے بازوں کو تگنی کا ناچ نچا چکے ہیں، اس لیے ان کی شمولیت اسٹرائیکرز کے لیے اک زبردست خبر ہے۔“
بگ بیش لیگ کے لیے سعید اجمل اور عمر اکمل کے علاوہ شاہد آفریدی سے بھی معاہدہ کیا گیا ہے۔ آفریدی سڈنی تھنڈر کی جانب سے کھیلیں گے۔
سعید اجمل پرتھ اسکارچرز کے خلاف 9 دسمبر کو کھیلے جانے والے پہلے مقابلے میں حصہ لیں گے پھر وہ پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کے بعد اپنی ٹیم کی بگ بیش میں پیشرفت کی صورت میں ایک مرتبہ پھر واپس جائیں گے۔