احمد آباد ٹیسٹ، انگلستان فن کی خدمات سے محروم

0 1,027

گوروں کی سرزمینِ ہند کو فتح کرنے کی دیرینہ تمنا اس مرتبہ بھی مشکلات سے دوچار ہے کیونکہ پے در پے اس کے اہم کھلاڑی زخمی ہو گئے ہیں اور مرکزی باؤلر اسٹورٹ براڈ کے بعد اب انجری کا اگلا نشانہ بنے ہیں اسٹیون فن۔

فن منگل کو تربیتی سیشن میں ایک گیند بھی نہ پھینک پائے (تصویر: Getty Images)
فن منگل کو تربیتی سیشن میں ایک گیند بھی نہ پھینک پائے (تصویر: Getty Images)

فن منگل کو تربیتی مشقوں میں حصہ نہیں لے پائے۔ وہ بھارت 'اے' کے خلاف پہلے وارم اپ مقابلے میں محض 4 اوورز کرانے کے بعد باہر چلے گئے تھے اور عملے کی جانب سے ان کی ران کے پٹھوں میں کھنچاؤ کی تشخیص کی گئی تھی۔

گو کہ دونوں گیند بازوں نے اتوار کو تربیتی سیشن میں بھرپور حصہ لیا تھا، لیکن ایسا لگتا ہے کہ مہمان ٹیم کی انتظامیہ دونوں گیند بازوں کو کھلا کر ان پر اضافی دباؤ ڈالنے اور پہلے ٹیسٹ میں ہی کسی مزید بڑی مصیبت میں گرفتار ہونے سے بچنا چاہتی ہے۔

منگل کو پورے سیشن میں اسٹیون فن نے نہ ہی فیلڈنگ میں حصہ لیا اور نہ ہی گیند بازی کی۔ البتہ براڈ نے چند اوورز ضرور پھینکے اور ان کی شرکت تقریباً یقینی ہے۔

فن کی ممکنہ غیر حاضری میں ٹم بریسنن ٹیم میں جگہ پائے گی۔ فن کے مقابلے میں ان کی بلے بازی کی صلاحیت بہت اچھی ہے اور وہ ریورس سوئنگ کی بھی خاصی اہلیت رکھتے ہیں۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ 15 نومبر کو احمد آباد میں پہلے ٹیسٹ کے لیے انگلستان کس ٹیم کو میدان میں اتارتا ہے۔