پاکستان کا قومی ٹی ٹوئنٹی کپ 2 دسمبر سے کھیلا جائے گا

0 1,027

پاکستان کی مقامی کرکٹ کا اک اہم ترین سالانہ ایونٹ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ ہے جو اپنی مقبولیت کے لحاظ سے کسی بھی طرح بین الاقوامی کرکٹ سے کم نہیں۔ میدان کھچا کھچ تماشائیوں سے بھرے ہوتے ہیں اور اس سال پاکستان کرکٹ بورڈ یہ ٹورنامنٹ کراچی یا ملتان میں کروانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

سیالکوٹ اسٹالینز اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا (تصویر: Faysal Cricket)
سیالکوٹ اسٹالینز اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا (تصویر: Faysal Cricket)

معروف کرکٹ ویب سائٹ پاک پیشن ڈاٹ نیٹ کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ ٹورنامنٹ 2 سے 10 دسمبر تک کھیلا جائے گا اور کرکٹ کمیٹی جلد ہی مقام کا تعین کر لے گی۔

رواں سال اس ٹورنامنٹ کی اہمیت اس لیے بھی دو چند ہو جاتی ہے کیونکہ یہ پاکستان کے اہم ترین دورۂ بھارت سے چند روز قبل کھیلا جائے گا۔ جہاں پاکستان روایتی حریف کے خلاف دو ٹی ٹوئنٹی اور تین ایک روزہ مقابلے کھیلے گا۔ اس سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی 25 دسمبر کو ہوگا۔ اور اس تاریخی سیریز اور حالیہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2012ء میں قومی کرکٹ ٹیم کی ملی جلی کارکردگی کے پیش نظر سلیکٹرز کی نظریں اس قومی ٹورنامنٹ پر مرکوز ہوں گی

چیئرمین ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ مقام کے تعین میں مختلف پہلوؤں کو مدنظر رکھا جا رہا ہے جیسا کہ موسم اور پھر محرم الحرام کا مہینہ بھی۔ اس کام کے لیے مقررہ کمیٹی دو تین روز میں تمام پہلوؤں کا بغور جائزہ لینے کے بعد کراچی یا ملتان میں سے کسی ایک کے حق میں فیصلہ کر لے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈومیسٹک ٹی 20 ٹورنامنٹ کا آغاز دو دسمبر کو ہوگا اور یہ 10 دسمبر تک جاری رہے گا۔ ماضی میں یہ ٹورنامنٹ بہت کامیاب اور مقبول رہا ہے اور ہم امید کرتے ہیں اس مرتبہ بھی شاندار کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

ٹورنامنٹ میں امسال بھی 14 ٹیمیں شرکت کریں گی، جن میں ممکنہ طور پر افغانستان سے تعلق رکھنے والی افغان چیتاز کی ٹیم بھی شامل ہوگی۔ قومی ٹی ٹوئنٹی چیمپئن سیالکوٹ اسٹالینز اپنے اعزاز کے دفاع کی کوشش کرے گا۔