کیا پونٹنگ کا کیریئر ختم ہونے والا ہے؟

0 1,005

آسٹریلیا کے عظیم بلے باز رکی پونٹنگ کا بین الاقوامی کیریئر پے در پے ناکامیوں کے بعد ایک مرتبہ پھر خطرے سے دوچار ہے۔ وہ جنوبی افریقہ کے خلاف ایڈیلیڈ میں جاری دوسرے ٹیسٹ میں ایک مرتبہ پھر ناکامی سے دوچار ہوئےہیں۔ وہ ڈیل اسٹین کی ایک گیند کو کھیلنے کی کوشش میں لگنے والے اندرونی کنارے کے باعث وکٹ کھو بیٹھے اور 16 رنز کے ساتھ میدان سے شدید غصے کے عالم میں واپس لوٹے۔ 111 رنز پر 5 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد ایک مرتبہ پھر تمام تر ذمہ داری کپتان مائیکل کلارک اور تجربہ کار مائیکل ہسی کے کاندھوں پر ہے۔

جاری سیریز میں پونٹنگ کا اوسط صرف 7 ہے (تصویر: Fox Sports)
جاری سیریز میں پونٹنگ کا اوسط صرف 7 ہے (تصویر: Fox Sports)

اگلے ماہ 38 ویں سالگرہ منانے والے رکی پونٹنگ ممکنہ طور پر پرتھ میں ہونے والے تیسرے ٹیسٹ میں بھی جگہ برقرار رکھ پائیں گے کیونکہ راب کوئنی سیریز میں دوسری بار صفر کی ہزیمت کا شکار ہوئے ہیں اور کوئنی کی جگہ شین واٹسن کو مل سکتی ہے۔

گزشتہ پانچ ٹیسٹ مقابلوں میں رکی پونٹنگ نے 18.25 کے اوسط سے صرف 166 رنز بنائے ہیں۔ اگر پونٹنگ ایڈیلیڈ کے بعد پرتھ میں بھی ناکام ہوئے تو ممکنہ طور پر اگلے ماہ شروع ہونے والی سری لنکا کے خلاف سیریز میں آسٹریلیا نیا نمبر تین بلے باز آزمائے گا۔

برسبین میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں وہ صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ ایڈیلیڈ میں جاری ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں وہ 4 رنز بنانے کے بعد ژاک کیلس کی باہر جاتی ہوئی گیند پر بری طرح بولڈ ہوئے۔

ڈھائی سال کا مشکل وقت گزارنے کے بعد پونٹنگ نے ایک سال قبل بھارت کے خلاف ہوم سیریز میں شاندار بلے بازی کے ذریعے اپنی جگہ مضبوط کی لیکن اب جنوبی افریقہ کے خلاف اہم سیریز میں صرف 7 رنز کا اوسط ان کے لیے بھیانک خواب بن چکا ہے۔

دیکھنا یہ ہے کہ کیا رکی پونٹنگ پرتھ میں کھیلیں گے؟ اور اگر کھیلے تو کیا ایک مرتبہ پھر عمدہ بلے بازی کے ذریعے اپنا کیریئر بچا پائیں گے؟