”کام کم آرام زیادہ“ انگلستان کے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا اعلان

0 1,006

انگلستان نے بھارت کے خلاف سیریز کے ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی مرحلے کے لیے ٹیم کا اعلان کر دیا ہے جس میں "کام کم اور آرام زیادہ" کی پالیسی اپنے عروج پر دکھائی دیتی ہے۔ اسپنر گریم سوان تو سرے سے شامل نہیں جبکہ اسٹیون فن اور اور کیون پیٹرسن صرف ایک روزہ ٹیموں کی نمائندگی کریں گے۔ اس انوکھے فیصلہ کی وجہ انگلستان کی کھلاڑیوں کو آرام دینے کی پالیسی ہے، جبکہ ایک کمال دکھاتے ہوئے اس مرتبہ کوچ تک کو آرام کا موقع دیا گیا ہے۔

کھلاڑی تو ایک طرف اہم سیریز کے لیے کوچ تک کو "آرام" کا موقع دیا گیا ہے (تصویر: Getty Images)
کھلاڑی تو ایک طرف اہم سیریز کے لیے کوچ تک کو "آرام" کا موقع دیا گیا ہے (تصویر: Getty Images)

تفصیلات یہ ہیں کہ 20 دسمبر سے پونے میں شروع ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے جس 13 رکنی دستے کا اعلان کیا گیا ہے اس میں کوئی باقاعدہ وکٹ کیپر شامل نہیں یعنی بلے باز جانی بیئرسٹو ہی وکٹوں کے پیچھے فرائض انجام دیں گے جنہوں نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں سری لنکا کے خلاف ہونے والے مقابلے میں بھی یہ ذمہ داری نبھائی تھی۔اس کی وجہ؟ ظاہر ہے کریگ کیزویٹر کی ناقص کارکردگی، وکٹوں کے پیچھے بھی اور آگے بھی۔ لیکن اس کے باوجود وہ 15 روزہ ون ڈے اسکواڈ میں اپنی جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں۔ یہ پالیسی انگلستان کے لیے مشکلات کا سبب نہ بن جائے کیونکہ پہلے دو ٹی ٹوئنٹی کھیلے جانے ہیں اور وہاں وکٹوں کے پیچھے بلے باز کو ذمہ داری دینا خطرے سے خالی نہیں ہوگا کیونکہ اگر کارکردگی اچھی نہ دکھائی تو محدود اوورز کے مرحلے کے ابتدائی قدم پر ہی ٹیم دباؤ کا شکار ہو سکتی ہے۔ ان کے علاوہ جیمز اینڈرسن اولین تین اور اسٹورٹ براڈ آخری دو ایک روزہ ہی کھیلیں گے۔

ایک مزیدار بات یہ ہے کہ انگلستان نے اس مرتبہ اپنے کوچ کو بھی "آرام" کا موقع دیا ہے اور ایشلے جائلز کو محدود اوورز کے اس مرحلے کے لیے کوچ مقرر کیا ہے۔ ہے نا مزیدار بات!

ان انوکھے اقدامات کا اعلان اس صورت میں کیا گیا ہے کہ گزشتہ سال ایلسٹر کک ہی کی زیر قیادت انگلش ٹیم بھارت کے ہاتھوں 5-0 کی ذلت آمیز شکست کھا کر لوٹی تھی اور اس طرح کے تجربات ویسے ہی نتائج کو دہرانے کا سبب نہ بن جائیں۔

اعلان کردہ دونوں دستے ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوں گے:

ٹی ٹوئنٹی:

اسٹورٹ براڈ (کپتان)، اسٹورٹ میکر، ایلکس ہیلز، ایون مورگن، ٹم بریسنن، جانی بیئرسٹو، جوس بٹلر، جیڈ ڈرنباخ، جیمز ٹریڈویل، ڈینی برگز، سمیت پٹیل، لیوک رائٹ اور مائیکل لمب۔

ایک روزہ:

ایلسٹر کک (کپتان)، اسٹورٹ براڈ، اسٹورٹ میکر، اسٹیون فن، این بیل، ایون مورگن، ٹم بریسنن، جانی بیئرسٹو، جوناتھن ٹراٹ، جیڈ ڈرنباخ، جیمز اینڈرسن، جیمز ٹریڈویل، ڈینی برگز، سمیت پٹیل، کریگ کیزویٹر اور کیون پیٹرسن۔