عمر اکمل ‘زخمی’، وکٹ کیپنگ کے لیے کوئی آپشن نہیں بچا؟

4 1,049

کہیں یہ گزشتہ واقعے کا ری پلے تو نہیں کہ جہاں بڑے بھائی مشکل میں دکھائی دیے وہیں چھوٹا بھائی قربانی دینے آ پہنچا۔ جی ہاں، عمر اکمل جنہیں کپتان شاہد آفریدی بطور وکٹ کیپر اگلے میچ میں استعمال کرنا چاہ رہے ہیں، کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ انگلی میں چوٹ کے باعث وہ وکٹوں کے پیچھے ذمہ داری نہیں سنبھال سکتے۔ اس طرح نیوزی لینڈ کے خلاف ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کامران اکمل کے علاوہ پاکستان کے پاس کسی 'نیم وکٹ کیپر' کو استعمال کرنے کا بھی آپشن نہیں بچا۔

عمر اکمل (فائل فوٹو)

معلوم ہوا ہے کہ جمعرات کو کانڈی کے مرلی دھرن انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں فیلڈنگ پریکٹس کے دوران عمر اکمل کی دائیں ہاتھ کی انگلی میں چوٹ لگی جس کے بعد وہ جمعہ کو تربیتی سیشن میں شریک نہیں ہوئے۔

پاکستانی مینیجر انتخاب عالم کے مطابق اسکین اور ایکس رے کے مطابق انگلی کو زیادہ نقصان نہیں پہنچا لیکن کسی بھی خطرے سے بچنے کے لیے انہیں پریکٹس میں شریک نہیں کیا گیا۔

عمر اکمل نے کہا ہے کہ یہ انتہائی معمولی انجری ہے اور وہ زمبابوے کے خلاف اہم میچ میں شرکت کریں گے۔

عمر اکمل کی اس اچانک 'انجری' نے کئی افراد کے کان کھڑے کر دیے ہیں گو کہ کھلاڑیوں کو انجریز سے روز بروز واسطہ پڑتا ہے لیکن یہ شکوک و شبہات ان کے ماضی کی وجہ سے پیدا ہو رہے ہیں۔ گزشتہ سال جنوری میں آسٹریلیا کے تباہ کن دورے کے دوران سڈنی ٹیسٹ میں پاکستان کو جیتی ہوئی بازی ہروانے کے بعد کامران اکمل کو اگلے میچ میں نہ کھلانے کا فیصلہ کیا گیا جس پر عمر اکمل نے انجری کا بہانہ کر کے 'بھائی چارہ' کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کی۔ طبی عملے کی جانب سے ان کا چیک اپ کیا گیا اور بتایا گیا کہ انہیں کوئی انجری نہیں، محض بہانہ کر رہے ہیں۔ اس پر ٹیم انتظامیہ نے بعد ازاں دونوں کھلاڑیوں پر جرمانہ بھی لگایا۔
امید ہے کہ عمر اکمل کے لیے یہ گزشتہ واقعہ ہی سبق حاصل کرنے کے لیے کافی ہوگا اور وہ دوبارہ اس حرکت کے مرتکب نہیں ہوئے ہوں گے۔

پاکستان اپنا اگلا گروپ میچ 14 مارچ کو زمبابوے کے خلاف کھیلے گا۔ اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے کی امیدوں کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کا زمبابوے کو زیر کرنا ضروری ہے۔ اس کے بعد پاکستان کا مقابلہ 19 مارچ کو دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا سے ہوگا۔

واضح رہے کہ پاکستانی وکٹ کیپر کامران اکمل نے نیوزی لینڈ کے خلاف اہم گروپ میچ میں حریف بلے باز روز ٹیلر کے دو آسان کیچز چھوڑ کر انہیں زندگی عطا کی جس کے بعد انہوں نے شعلہ فشاں سنچری اننگ اسکور کی اور پاکستان میچ میں شکست کھا گیا اور گروپ 'اے' میں ٹاپ پوزیشن سے بھی محروم ہو گیا۔