عالمی کپ؛ گروپ آف ڈیتھ کا منظرنامہ

1 1,017

بنگلہ دیش اور آئرلینڈ دونوں کے پاس آج (11 مارچ کو) اپ سیٹ کر کے اگلے مرحلے میں پہنچنے کا بہت شاندار موقع تھا اور اس موقع سے صرف بنگلہ دیش ہی فائدہ اٹھا سکا۔ آئرلینڈ منزل کے قریب پہنچ کر لڑکھڑا گیا اور ویسٹ انڈیز کی پوزیشن کو مزید مضبوط کر گیا۔ اس وقت تک محض بھارت کی پوزیشن بالکل واضح ہے اور اگلے مرحلے تک اس کی پیشرفت یقینی ہے۔ جبکہ جنوبی افریقہ کے امکانات بھی روشن ہیں۔

اب حقیقی مقابلہ نچلی دو پوزیشنوں پر ہے جہاں تین ٹیمیں بنگلہ دیش، انگلستان اور ویسٹ انڈیز مدمقابل ہیں۔

بنگلہ دیش کی جانب سے انگلستان کو ہونے والی اپ سیٹ شکست نے عالمی کپ کے گروپ 'بی' کی ان ٹیموں کے درمیان صورتحال کو مزید پیچیدہ کر دیا ہے جس میں اگلے چند میچز میں اس طرح کا منظرنامہ بن سکتا ہے۔ آئیے کچھ نظر ڈالتے ہیں:

انگلستان

انگلستان کے لیے اپنے آخری گروپ میچ میں ویسٹ انڈیز کو شکست دینے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے۔ پانچ میچز میں محض پانچ پوائنٹس ملنے کے بعد انہیں اگلے میچ میں نہ صرف کالی آندھی کو زیر کرنا ہوگا بلکہ یہ امید بھی رکھنا ہوگی کہ بنگلہ دیش جنوبی افریقہ اور نیدرلینڈز کے خلاف اپنے بقیہ میچز نہ جیتے۔ انگلستان نے اب تک کھیلے گئے پانچ میچز میں سے دو میں فتح حاصل کی، ایک میچ ٹائی ہوا اور دو میں اسے اپ سیٹ شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔

بنگلہ دیش

بنگلہ دیش نے انگلستان کے خلاف اہم فتح حاصل کر کے اپنی امیدوں کے چراغ روشن کر لیے ہیں۔ لیکن اس کے لیے تشویشناک بات اس کا کم رن ریٹ ہے۔ اگر وہ اپنی پیشرفت کو یقینی بنانا چاہتے ہیں تو انہیں جنوبی افریقہ اور نیدرلینڈز دونوں کو شکست دینا ہوگی۔ اگر وہ صرف ایک فتح حاصل کر پاتے ہیں تو انہیں انگلستان اور ویسٹ انڈیز کے میچ کے نتیجے کا انتظار کرنا ہوگا، جہاں انگلستان کی شکست ان کے لیے زندگی کا پیام ہوگی۔

ویسٹ انڈیز

اپنے شاندار رن ریٹ کی وجہ سے ویسٹ انڈیز کے اگلے مرحلے میں پہنچنے کے دونوں ٹیموں سے زیادہ امکانات ہیں۔ نیدرلینڈز اور بنگلہ دیش کے خلاف بڑے مارجن کی فتوحات نے ان کی پوزیشن کو مضبوط کر دیا ہے۔ ان کے باہر ہونے کا بہت کم امکان ہے اور وہ بھی اس صورت میں کہ وہ انگلستان اور بھارت کے خلاف اپنے اگلے دونوں میچز ہار جائیں اور بنگلہ دیش اپنے اگلے دونوں میچز جیت جائے۔ اگر بنگلہ دیش صرف ایک میچ جیتتا ہے تو پھر رن ریٹ کی بنیاد پر گروپ میں اس کی پوزیشن کا تعین ہوگا۔