بنگلہ دیش کی نظریں انگلستان-ویسٹ انڈیز معرکے پر مرکوز

0 1,036

بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کوچ جیمی سڈنز نے کہا ہے کہ اگر ویسٹ انڈیز اگلے میچ میں انگلستان کو شکست دے دیتا ہے تو بنگلہ دیش کا عالمی کپ 2011ء کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے کا خواب حقیقت کا روپ دھار سکتا ہے۔ اس لیے ان کی نظریں کالی آندھی اور بابائے کرکٹ کے درمیان معرکے پر گڑی ہوئی ہیں۔

جیمی سڈنز (فائل فوٹو)
بنگلہ دیش، اس وقت 6 پوائنٹس کے ساتھ گروپ 'بی' میں چوتھی پوزیشن پر ہے لیکن اس کا آخری میچ جنوبی افریقہ کے خلاف ہے جس میں اپ سیٹ فتح اسے اگلے مرحلے تک پہنچانے کے لیے کافی ہوگی۔ یہ میچ 19 مارچ کو شیر بنگلہ اسٹیڈ یم، میرپور، ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا۔ تاہم اگر بنگلہ دیش جنوبی افریقہ سے شکست کھا جائے، جس کے امکانات بھی زیادہ ہیں، تو اس کے لیے اگلے مرحلے تک پہنچنا مشکل ہو سکتا ہے کیونکہ اس کا رن ریٹ انگلستان سے بہت کم ہے۔

لیکن اس کے لیے امید کی ایک کرن پھر بھی باقی ہے کہ اگر انگلستان دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز سے شکست کھا جائے تو ویسٹ انڈیز نہ صرف خود اگلے مرحلے میں پہنچ جائے گا بلکہ اپنے ساتھ بنگلہ دیش کو بھی لے جائے گا۔ اور بابائے کرکٹ انگلستان کی کرکٹ ٹیم کو وطن واپسی کی راہ لینا ہوگی۔ یہ میچ جو بیک وقت ویسٹ انڈیز، انگلستان اور بنگلہ دیش کے لیے اہمیت کا حامل ہے، 17 مارچ کو چدمبرم اسٹیڈیم، چنئی میں کھیلا جائے گا۔ اگر انگلستان اس میچ میں فتح حاصل کرتا ہے تو وہ 7 پوائنٹس کے ساتھ کوارٹر فائنل میں پہنچ جائے گا لیکن اس کے لیے اسے جنوبی افریقہ-بنگلہ دیش میچ کے نتیجے کا انتظار کرنا ہوگا جہاں کوئی بھی اپ سیٹ اس کے لیے واپسی کا پروانہ ہوگا۔

بنگلہ دیش، نے گو کہ اس عالمی کپ میں بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، لیکن ویسٹ انڈیز کے خلاف بدترین شکست اس کے لیے بہت مہنگی ثابت ہو رہی ہے اور اگر بنگلہ دیش اگلے مرحلے تک نہ پہنچ سکا تو اس کی سب سے بڑی وجہ یہی شکست ہوگی۔

جیمی سڈنز کا کہنا ہے کہ اگر انگلستان 17 مارچ کو ویسٹ انڈیز کو ہرا دیتا ہے تو پھر ہمارے سامنے ایک بہت مشکل ہدف ہوگا یعنی دو دن بعد جنوبی افریقہ کو شکست دینا۔ انہوں نے کہا کہ یہ یاد رکھیے کہ انگلستان وہ ٹیم ہے جس نے بھارت کے ساتھ مقابلہ برابر کیا اور جنوبی افریقہ کو شکست دی تھی۔ اس لیے بنگلہ دیش کا اس کو شکست دینا اعتماد میں بے پناہ اضافے کا سبب بنا ہے اور ہم جنوبی افریقہ کے خلاف ایک مرتبہ پھر ویسی ہی کارکردگی دہرانے کی کوشش کریں گے۔

عالمی کپ کا گروپ 'بی' جسے 'گروپ آف ڈیتھ' کہا جا رہا ہے اس وقت دلچسپ صورتحال کا حامل ہے جس میں تمام میچز میں شکست کھانے والے نیدرلینڈز اور محض ایک میچ جیتنے والے آئرلینڈ کے علاوہ باقی پانچوں ٹیمیں اگلے مرحلے تک پہنچنے کے لیے سر توڑ کوشش کر رہی ہیں۔ بھارت 7 پوائنٹس کے ساتھ گروپ میں سرفہرست ہے جبکہ ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کے 6، 6 پوائنٹس ہیں لیکن شاندار رن ریٹ کی وجہ سے ویسٹ انڈیز دوسرے، جنوبی افریقہ تیسرے اور بنگلہ دیش چوتھے نمبر پر ہے۔ انگلستان پانچویں پوزیشن پر ہے اور اسے اگلے مرحلے تک جانے والی چار ٹیموں میں شامل ہونے کے لیے آخری مقابلے میں لازما ویسٹ انڈیز کو زیر کرنا ہوگا۔