نیوزی لینڈ چت، جنوبی افریقہ ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت گیا
کیریئر کے اولین مقابلے میں مایوس کن کارکردگی کےبعد سیریز کے فیصلہ کن میچ میں آرون فانگیسو نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو ٹی ٹوئنٹی سیریز جتوا دی۔
پورٹ ایلزبتھ میں ہونے والے سیریز کے تیسرے و آخری ٹی ٹوئنٹی مقابلے میں جنوبی افریقہ نے نو آموز کھلاڑیوں کے ذریعے نیوزی لینڈ کی اس ٹیم پر قابو پایا، جو گزشتہ مقابلے میں شاندار کارکردگی کے بعد سیریز برابر کرنے میں کامیاب ہوئی تھی۔ ہنری ڈیوڈز کے 68 اور جسٹن اونٹونگ کے 48 رنز نے ایک بہت بڑے ہدف کی راہ ہموار کی اور آخری لمحات میں ڈیوڈ ملر اور فرحان بہاردین کی برق رفتار مختصراننگز جنوبی افریقہ کو 179 کے بھاری مجموعے تک پہنچا گئیں۔
کیریئر کا تیسرا ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والے ڈیوڈز کی اننگز اس لیے بہت قیمتی تھی کیونکہ دوسرے ہی اوور میں کپتان فف دو پلیسی محض1 رن بناکر رونی ہیرا کی وکٹ بن گئے تھے جبکہ 26 تک پہنچتے پہنچتے کوئنٹن ڈی کوک کی صورت میں دوسری وکٹ بھی گر گئی۔ ان حالات میں ڈیوڈز اور اونٹونگ نے 89 رنز جوڑے۔ دونوں کے درمیان قیمتی شراکت اس وقت ختم ہوئی جب دونوں نے رنز کوتیزی سے بڑھانا شروع کیا۔ اونٹونگ جیمز فرینکلن کو دو خوبصورت چھکے لگانے کے بعد ایکسٹرا کور پر دھر لیے گئے۔ یوں30 گیندوں پر ایک چوکے اور تین چھکوں سے مزین 48رنز کی یہ اننگز اپنے اختتام کوپہنچی۔
دوسرے اینڈ سے ڈیوڈز نے ڈگ بریسویل کے اوور کا آغاز چھکے سے کیا اور اگلےاوور میں ڈیپ مڈ وکٹ پر دھر لیے گئے۔ انہوں نے محض 51 گیندوں پر 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے قیمتی ترین اننگز کھیلی۔ اختتامی لمحات میں فرحان اور ملر نے اپنے بلے کےکمالات دکھائے۔ انہوں نے 19 ویں اوور میں جمی نیشام سے 18 رنز لوٹےاور بریسویل کے اوور میں 14 رنز حاصل کرنے کے بعد آخری گیند پر بہاردین کی اننگز 22 رنز پر مکمل ہوئی۔ لیکن جنوبی افریقہ 180 رنز کا بھاری ہدف دینے میں کامیاب ہو گیا۔
تعاقب میں نیوزی لینڈ نے راب نکول کیوکٹ پہلے ہی اوور میں گنوائی لیکن پاور پلے کے خاتمے کے بعد یہ آرون فانگیسو کے مسلسل دو اوورز میں گزشتہ میچ کے ہیرو مارٹن گپٹل اور کپتان برینڈن میک کولم کی وکٹیں تھیں، جنہوں نے ابتداء ہی میں میچ کا فیصلہ کر دیا۔ آرون نے نہ صرف اپنے بین الاقوامی کیریئر کی پہلی وکٹ گپٹل کی صورت میں حاصل کی بلکہ جنوبی افریقہ کو لاحق سب سے بڑے خطرے کا بھی خاتمہ کر دیا۔ اگلےاوور میں انہوں نے میک کولم کو لانگ آف پر کیچ آؤٹ کرایا۔ دونوں بلے باز بالترتیب 24 اور 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کے لیے یہاں سے میچ بچانا ممکن نہ تھا اور توقعات کے عین مطابق 20 اوورز میں وہ 146 رنز تک ہی پہنچ پایا۔ اور جنوبی افریقہ 33 رنز سے جیت کر سیریز ٹرافی حاصل کر گیا۔
راین میک لارن اور آرون فانگیسو نے تین، تین جبکہ رابن پیٹرسن اور روری کلین ویلٹ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ہنری ڈیوڈز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔