’کرکٹ روح کے منافی حرکت‘، ایشانت اور کامران پر جرمانے

0 1,092

پاک-بھارت اولین ٹی ٹوئنٹی میں اپنی تو تکار کے ذریعے بدمزگی پیدا کرنے والے بھارتی باؤلر ایشانت شرما اور پاکستانی بلے باز کامران اکمل پر جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔

ایشانت پر میچ فیس کا 15 اور کامران پر 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا (تصویر: BCCI)
ایشانت پر میچ فیس کا 15 اور کامران پر 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا (تصویر: BCCI)

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی اننگز کے 18 ویں اوور میں اس وقت ماحول سخت کشیدہ ہو گیا جب ایشانت شرما نے کامران اکمل کو گیند پھینکنے کے بعد ان پر گالیوں کی بوچھاڑ کر دی۔ جواب میں کامران اکمل نے بھی ’ترکی بہ ترکی‘ جواب دیے اور دونوں کھلاڑی آنکھوں میں آنکھیں ڈالے ایک دوسرے سے محض چند انچوں کے فاصلے پر ایک دوسرے کو دھمکاتے دکھائی دی۔ بھارت کے دیگر کھلاڑیوں اور امپائروں نے درمیان میں پہنچ کر معاملہ رفع دفع کروایا۔

میچ کے امپائروں روی سندرم اور شمس الدین نے میچ ریفری روشن مہاناما کو دونوں کھلاڑیوں کے بارے میں رپورٹ کیا، جنہوں نے انہیں ”کرکٹ کے روح کے منافی حرکات“ پر دونوں کو مجرم قرار دیا اور ایشانت شرما پر میچ فیس کا 15 فیصد اور کامران اکمل پر 5 فیصد جرمانہ عائد کیا۔ ایشانت پر زیادہ جرمانہ عائد کرنے کا سبب یہ تھا کہ انہوں نے فیصلے کے خلاف اپیل کی تھی اور وڈیو ملاحظہ کرنے کے بعد ثابت ہوا کہ شروعات ایشانت نے کی تھی، جس پر انہیں 15 فیصد جرمانے کی سزا دی گئی۔

مہاناما نے کہا کہ یہ بہت اہم سیریز ہے اور اس میں کھلاڑیوں کو مثال بن کر سامنے آنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ میچ کرکٹ کی حقیقی روح کے مطابق کھیلا گیا، یہاں تک کہ ایشانت نے جھگڑے کا آغاز کیا، جبکہ وہ ایک تجربہ کار کھلاڑی ہیں۔

بہرحال، اس جھگڑے کی گونج میچ کے بعد بھی جاری رہی، یہاں تک کہ بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی کو پریس کانفرنس میں وضاحتیں پیش کرنا پڑیں۔ انہوں نے کہا کہ ”یہ واقعہ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان غلط فہمی کی بنیاد پر پیش آیا ۔ ایشانت نے کچھ اور کہا تھا اور کامران نے اسے کچھ اور سمجھا۔“ جبکہ محمد حفیظ نے کہا کہ ”کھلاڑیوں نے معاملے کو وہیں رفع دفع کر دیا۔ ہم یہاں کھیلنے کے لیے آئے ہیں اور ایسے واقعات پیش آتے رہتے ہیں اور کھیل کا حصہ ہیں۔“

تقریباً نصف دہائی کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ تعلقات کی بحالی کا دونوں ملکوں میں زبردست خیرمقدم کیا گیا اور پہلےہی مقابلے میں اس طرح کا واقعہ پیش آنا برا شگون ثابت ہو سکتاہے۔