فلینڈر، ڈھائی دن اور نیوزی لینڈ ڈھیر

1 1,043

دو سال قبل جب ویرنن فلینڈر نے نیولینڈز میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا تو ان کی تباہ کن گیندبازی کے سامنے آسٹریلیا کی پوری ٹیم 47 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی، اور اب جبکہ فلینڈر جنوبی افریقہ کی ٹیم کا اہم جزو ہیں، انہوں نے ایک مرتبہ پھر اسی میدان پر اپنی یادگار کارکردگی کو دہرایا لیکن اس مرتبہ حریف نیوزی لینڈتھا، جو پہلی اننگز میں صرف 45 رنز پر ڈھیر ہوا جس میں فلینڈر نے محض 7 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں اور جنوبی افریقی فتح کی بنیاد رکھی۔ اور بالآخر جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کو محض ڈھائی دنوں میں چت کر کے سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔

فلینڈر کےسامنے نیوزی لینڈ کی ایک نہ چلی، اور وہ اپنی تاریخ کے تیسرے کم ترین اسکور پر آؤٹ ہو گیا (تصویر: Getty Images)
فلینڈر کےسامنے نیوزی لینڈ کی ایک نہ چلی، اور وہ اپنی تاریخ کے تیسرے کم ترین اسکور پر آؤٹ ہو گیا (تصویر: Getty Images)

نیوزی لینڈ نے آخری روز ڈین براؤنلی کی سنچری کی مدد سے شکست کے مارجن کو کچھ کم ضرور کیا، لیکن بحیثیت مجموعی یہ ایسا ٹیسٹ مقابلہ تھا، جسے نیوزی لینڈ کے کھلاڑی جلدبھول جانا چاہیں گے۔

کیپ ٹاؤن کے خوبصورت میدان میں نیوزی لینڈ ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا اور پھر وہ بھیانک سلسلہ شروع ہوا، جو نیوزی لینڈ کو ایک مرتبہ پھر اس شرمناک فہرست میں شامل کر گیا، جس میں 50 رنز سے قبل ہی کسی ٹیم کی اننگز لپیٹ دی گئی۔

محض 19.2 اوورز پر محیط نیوزی لینڈ کی اننگز میں صرف ایک کھلاڑی دہرے ہندسے میں پہنچ سکا۔ کین ولیم سن، جنہوں نے 13 رنز بنائے۔ باقی حال نیچے اسکور کارڈ میں دیکھئے گا۔

فلینڈر نے تاریخی اسپیل کروایا۔ 6 اوورز میں تین میڈن پھینکے اور محض 7 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مورنے مورکل نے 14 رنز دے کر 3 اور ڈیل اسٹین نے 18 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ جن میں ان کی ٹیسٹ کیریئر کی 300 ویں وکٹ بھی شامل تھی۔

پہلے روز کھانے کے وقفے سے بھی پہلے آؤٹ ہو جانے کے بعد نیوزی لینڈکے لیے میچ میں واپسی کا کوئی موقع نہ تھا۔ گوکہ انہوں نے گریم اسمتھ کی وکٹ جلدہی حاصل کر لی لیکن دوسرےاینڈ سے الویرو پیٹرسن کی سنچری اننگز اور ہاشم آملہ، ژاک کیلس اور اے بی ڈی ولیئرز کی نصف سنچریوں نے ان کی رہی سہی امیدوں کو بھی خاک میں ملا دیا۔ خصوصاً ہاشم آملہ کی اننگز دیدنی تھی، اک ایسی وکٹ پر جس پر پہلے روز کھانے کے وقفے سے بھی پہلے 11 وکٹیں گر جائیں، ہاشم نے محض 74 گیندوں پر 9 چوکوں کی مدد سے 66 رنز بنائے۔ انہوں نے پیٹرسن کے ساتھ دوسری وکٹ پر 107 رنز کی زبردست شراکت داری قائم کی ۔

الویرو پیٹرسن نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی پانچویں سنچری بنائی (تصویر: Getty Images)
الویرو پیٹرسن نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی پانچویں سنچری بنائی (تصویر: Getty Images)

اس کے بعد پیٹرسن نے کیلس کے ساتھ مل کر اسکور میں مزید 104 رنز کا اضافہ کیا اور دن کی آخری گرنے والی وکٹ کیلس ہی کی تھی جو 89 گیندوں پر 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پہلے روز کے آخری لمحات میں الویرو پیٹرسن نے اپنی پانچویں سنچری مکمل کی اور جب پہلے روز کا کھیل ختم ہوا تو جنوبی افریقہ کو نیوزی لینڈ پر 207رنز کی بھاری برتری حاصل تھی۔

دوسرے روز پیٹرسن کے جلدی آؤٹ ہو جانے کے بعد صرف ڈی ولیئرز ہی قابل ذکر کارکردگی دکھا پائے، جو 129 گیندوں پر 67 رنزبنا کر اس وقت آؤٹ ہوئے جب جنوبی افریقہ کا اسکور 342 رنز پر پہنچ چکا تھا۔ کچھ ہی دیر بعد کپتان گریم اسمتھ نے 347 رز 8 کھلاڑی آؤٹ پر پہلی اننگز ڈکلیئر کرنےکا اعلان کیا اور نیوزی لینڈ کو ایک مرتبہ پھر سخت آزمائش کے لیے طلب کر لیا۔

یوں جنوبی افریقہ کو پہلی اننگز میں 302 رنز کی بھاری برتری ملی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ اور کرس مارٹن نے 3،3 جبکہ ڈگ بریسویل اور جیمز فرینکلن نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں نیوزی لینڈ ایک مرتبہ پھر مسائل کی دلدل میں دھنس گیا اور پہلے ہی اوور میں ڈیل اسٹین نے مارٹن گپٹل کو ٹھکانے لگادیا۔ اسکور 29 تک پہنچتے پہنچتےولیم سن کی صورت میں دوسری وکٹ بھی گر گئی تو شکست بالکل واضح نظر آنے لگی۔ اس موقع پر برینڈن میک کولم اور ڈین براؤنلی نے کچھ مزاحمت کی اورتیسری وکٹ کی شراکت پر 89 رنز کا اضافہ کرنے میں کامیاب ہوئے۔ میک کولم 103 گیندوں پر 51 رنز بنانے کے بعد رابن پیٹرسن کی گیندپر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

دوسرے روز نیوزی لینڈکو مزید ایک نقصان اٹھانا پڑا جب ڈیرن فلن محض 15 رنز بنانے کے بعد ژاک کیلس کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے۔ جب دن کا کھیل ختم ہوا تو نیوزی لینڈ کا اسکور 169 رنز چار کھلاڑی آؤٹ تھا۔ ڈین براؤنلی 69 رنز پر کھیل رہے تھے، جو باقی کھلاڑیوں کا حال دیکھ کر قابل ذکر مزاحمت تھی۔

تیسرے روز کھانے کے وقفے سے قبل براؤنلی نے اپنے کیریئر کی پہلی سنچری 160 گیندوں پر مکمل کی۔ جس طرح کے حالات میں انہوں نے یہ اننگز کھیلی، اسے جراتمندانہ کہناچاہیے۔ ان کی وکٹ اس وقت گری جب نیوزی لینڈ کا اسکور 229 رنز تھا اور اس کے بعد پوری ٹیم 275 رنز تک پہنچتے پہنچتے ڈھیر ہو گئی اور تیسرے روز چائے کے وقفے سے قبل ہی اننگز اور 27 رنز کی شکست سے دوچار ہوا۔ اور یہاں تک پہنچنے میں ایک مرتبہ پھر کرس مارٹن صفر پر آؤٹ ہوئے، یعنی کیریئر میں 36 ویں مرتبہ۔ شاباش کرس! اب نظریں کورٹنی واش کے 43 صفر پر رکھنا! 🙂

دوسری اننگز میں جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیل اسٹین نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ دو، دو وکٹیں ویرنن فلینڈر اور ژاک کیلس کو دو، دو وکٹیں ملیں اور ایک، ایک وکٹ مورنے مورکل اور رابن پیٹرسن نے حاصل کی۔

فلینڈر کو شاندار باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اب دونوں ٹیموں کے درمیان 11 جنوری سے پورٹ ایلزبتھ میں دوسرا و آخری ٹیسٹ کھیلا جائے گا۔

جنوبی افریقہ بمقابلہ نیوزی لینڈ

پہلا ٹیسٹ

2 تا 4 جنوری 2013ء

بمقام: نیولینڈز، کیپ ٹاؤن، جنوبی افریقہ

نتیجہ: جنوبی افریقہ ایک اننگز اور 27 رنز سے کامیاب

میچ کے بہترین کھلاڑی: ویرنن فلینڈر

نیوزی لینڈپہلی اننگز رنز گیندیں چوکے چھکے
مارٹن گپٹل ک ڈی ولیئرز ب فلینڈر 1 6 0 0
برینڈن میک کولم ب فلینڈر 7 19 1 0
کین ولیم سن ایل بی ڈبلیو ب فلینڈر 13 19 2 0
ڈین براؤنلی ک اسمتھ ب فلینڈر 0 3 0 0
ڈیرن فلن ک و ب اسٹین 8 28 1 0
بریڈلے-جان واٹلنگ ک ڈی ولیئرز ب فلینڈر 0 1 0 0
جیمز فرینکلن ک اسمتھ ب مورکل 1 1 0 0
ڈگ بریسویل ب اسٹین 2 10 0 0
جیتن پٹیل ک آملہ ب مورکل 5 9 1 0
ٹرینٹ بولٹ ک ڈی ولیئرز ب مورکل 1 9 0 0
کرس مارٹن ناٹ آؤٹ 0 3 0 0
فاضل رنز ل ب 6، ن ب 1 7
مجموعہ 19.2 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 45

 

جنوبی افریقہ (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
ڈیل اسٹین 7.2 2 18 2
ویرنن فلینڈر 6 3 7 5
مورنے مورکل 6 2 14 3

 

جنوبی افریقہپہلی اننگز رنز گیندیں چوکے چھکے
گریم اسمتھ ایل بی ڈبلیو ب بریسویل 1 5 0 0
الویرو پیٹرسن ب بولٹ 106 176 11 1
ہاشم آملہ ایل بی ڈبلیو ب فرینکلن 66 74 9 0
ژاک کیلس ک واٹلنگ ب بولٹ 60 89 5 2
ابراہم ڈی ولیئر ب مارٹن 67 129 8 0
فف دو پلیسی ک ولیم سن ب مارٹن 15 28 2 0
ڈین ایلگر ک واٹلنگ ب بولٹ 21 52 2 0
رابن پیٹرسن ب مارٹن 5 15 1 0
ویرنن فلینڈر ناٹ آؤٹ 0 5 0 0
فاضل رنز ب 1، ل ب 2، و 2، ن ب 1
مجموعہ 95.2 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 347

 

نیوزی لینڈ (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
ٹرینٹ بولٹ 21 2 78 3
ڈگ بریسویل 24 4 93 1
کرس مارٹن 19.2 4 63 3
جیمز فرینکلن 14 1 50 1
جیتن پٹیل 17 4 60 0

 

نیوزی لینڈدوسری اننگز رنز گیندیں چوکے چھکے
مارٹن گپٹل ک آملہ ب اسٹین 0 6 0 0
برینڈن میک کولم ایل بی ڈبلیو ب رابن پیٹرسن 51 103 7 0
کین ولیم سن ک الویرو پیٹرسن ب کیلس 15 46 2 0
ڈین براؤنلی ک رابن پیٹرسن ب مورکل 109 186 13 2
ڈیرن فلن ک ڈی ولیئرز ب کیلس 14 36 3 0
بریڈلے-جان واٹلنگ ک اسمتھ ب فلینڈر 42 151 4 0
جیمز فرینکلن ب اسٹین 22 59 2 0
ڈگ بریسویل ک پیٹرسن ب فلینڈر 0 5 0 0
جیتن  پٹیل ب اسٹین 8 16 1 0
ٹرینٹ بولٹ ناٹ آؤٹ 2 5 0 0
کرس مارٹن رن آؤٹ 0 0 0 0
فاضل رنز ب 1، ل ب 8، و 3 12
مجموعہ 102.1 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 275

 

جنوبی افریقہ (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
ڈیل اسٹین 30 6 67 3
ویرنن فلینڈر 24 8 76 2
مورنے مورکل 21 6 50 1
ژاک کیلس 11.1 3 31 2
رابن پیٹرسن 16 6 42 1