واٹسن کی سنچری، سیریز آسٹریلیا کے نام

0 1,039

شین واٹسن سیریز میں پہلی بار صرف بلے باز کی حیثیت سے شامل کیے گئے، اور انہوں نے کمال کر دکھایا، ایک شاندار سنچری جڑ کر آسٹریلیا کو ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز جتوا دی۔ ان کے شاندار122 رنز اور فلپ ہیوز کے زبردست ساتھ نے آسٹریلیا کو 329 رنز کے بھاری مجموعے تک پہنچا دیا جو ویسٹ انڈیز کے بس کی بات نہ تھی جو سیريز میں ایک مرتبہ 70 رنز پر بھی ڈھیر ہو چکا ہے۔

شین واٹسن کی ساتویں ایک روزہ سنچری نے آسٹریلیا کو ایک اور فتح سے نوازا (تصویر: Getty Images)
شین واٹسن کی ساتویں ایک روزہ سنچری نے آسٹریلیا کو ایک اور فتح سے نوازا (تصویر: Getty Images)

آسٹریلوی دارالحکومت کینبرا کے منوکا اوول میں کھیلا گیا تیسرا مقابلہ ویسٹ انڈیز کے لیے "مارو یا مر جاؤ" تھا لیکن ان کے تمام ارادوں پر ابتداء ہی میں پانی پھر گیا جب شین واٹسن اور آرون فنچ کے درمیان 89 رنز کی زبردست شراکت داری قائم ہوئی اور فنچ کو 38 پر آؤٹ کرنے کے باوجود ویسٹ انڈین باؤلرز کو جائے قرار نہ مل سکی۔ دوسری وکٹ پر واٹسن اور ہیوز نے 112 رنز کی رفاقت بنا کر ویسٹ انڈین ارادوں کو خاک میں ملا دیا۔

شعلہ فشاں بلے باز شین واٹسن نے اپنی ساتویں ایک روزہ سنچری 102 گیندوں پر 11 چوکوں کی مدد سے مکمل کی اور اس کے فوراً بعد قہر بن کر ٹوٹ پڑے۔ اگلی 9 گیندوں پر انہوں نے 22 رنز بنائے جس میں دو بلند و بالا چھکے بھی شامل تھے، جن میں سے ایک 114 میٹرز کے فاصلے پر جا گرا۔ لیکن کیمار روچ کی جسم کی جانب آتی گیند کو ہک کھیلنے کی کوشش میں باؤنڈری لائن پر دھر لیے گئے۔ اس وقت 34 اوورز میں آسٹریلیا کا اسکور 201 رنز تھا ۔

آنے والے بلے بازوں میں جارج بیلی نے 22 گیندوں پر 44 رنز کی زبردست باری کھیلی اور آسٹریلیا کے اسکور کو 300 سے آگے لے جانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی اننگز میں ایک جھکا اور 6 چوکے شامل تھے۔

ویسٹ انڈیز کے لیے خوشی کا صرف ایک ہی لمحہ تھا جب 47 ویں اوور میں سنیل نرائن کی گیند پر گلین میکس ویل نے چھکے کے لیے ایک خوبصورت شاٹ کھیلا لیکن اسکوائر لیگ پر کیرون پولارڈ نے ایک ناقابل یقین کیچ لیتے ہوئے ان کی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔ اتنے شاندار کیچ کے باوجود ویسٹ انڈین کھلاڑیوں کے چہرے پر خوشی کا اظہار نہ تھا، اور کیسے ہوتا۔ اسکور بورڈ پر 299 رنز کا ہندسہ جو جگمگا رہا تھا۔ بہرحال، مقررہ 50 اوورز کے اختتام پر آسٹریلیا 7 وکٹوں کے نقصان پر 329 تک پہنچنے میں کامیاب ہو گیا۔

ویسٹ انڈیز کا آغاز تو بہت ہی عمدہ تھا کیرن پاول اور ڈیوون تھامس نے 54 رنز کا آغاز فراہم کیا خصوصاً پاول خوب فارم میں نظر آئے لیکن دونوں پاور پلے کے خاتمے کے بعد پویلین سدھار گئے، جب اسکور 81 تک پہنچ چکا تھا۔ پاول نے 49 گیندوں پر 47 رنز بنائے جبکہ تھامس 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس موقع پر براوو برادران نے امید کی بڑی شمع روشن کی، دونوں نے تیسری وکٹ پر 112 رنز کی شراکت داری قائم کر کے ویسٹ انڈیز کی توقعات کو برقرار رکھا لیکن جیمز فاکنر کے ہاتھوں ڈیرن براوو اور انجری کی وجہ سے دیر سے آنے والے کرس گیل کی وکٹیں حاصل کرنے اور قبل ازیں دوسرے اینڈ سے اسٹارک کی جانب سے ڈیوین براوو کی اننگز کے خاتمے نے ویسٹ انڈیز کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ رہی سہی کسر کیرون پولارڈ کے رن آؤٹ نے پوری کر دی۔ کہاں 194 رنز دو وکٹیں اور نظریں ہدف پر، اور کہاں 234 رنز اور 6 کھلاڑی آؤٹ کا حوصلہ شکن منظر۔ مقابلے کا فیصلہ بہرحال یہیں ہو چکا تھا۔

آندرے رسل نے 43 رنز کے ساتھ آخری مزاحمت کی لیکن ویسٹ انڈین اننگز 48 ویں اوور سے آگے نہ بڑھ سکتی جس میں پوری ٹیم 290 پر آؤٹ ہو گئی۔ اور 39 رنز کی اس شکست کے ساتھ سیریز بھی 3-0 سے آسٹریلیا کے نام ہو گئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے جیمز فاکنر نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ دو وکٹیں کلنٹ میک کے کو ملیں۔ ایک، ایک وکٹ مچل اسٹارک، مچل جانسن اور گلین میکس ویل نے حاصل کی۔

سیریز جیتنے کے بعد اب آخری دو مقابلے گو کہ حتمی نتیجے پر اثر انداز نہیں ہوں گے لیکن ویسٹ انڈیز وہاں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر کے حتمی نتیجے کو کسی حد تک قابل عزت بنا سکتا ہے۔

ویسے بھی ویسٹ انڈیز کی دیرینہ خواہش ہے کہ وہ آسٹریلیا کو آسٹریلیا میں شکست دے۔ اس نے آخری مرتبہ آسٹریلیا کو 2000ء میں کسی ون ڈے میں اسی کی سرزمین پر ہرایا تھا۔

اگلا مقابلہ 8 فروری کو سڈنی جبکہ آخری 10 فروری کو ملبورن میں ہوگا۔

آسٹریلیا بمقابلہ ویسٹ انڈیز

تیسرا ایک روزہ بین الاقوامی مقابلہ

6 فروری 2013ء

بمقام: منوکا اوول، کینبرا، آسٹریلیا

نتیجہ: آسٹریلیا 39 رنز سے فتح یاب

میچ کے بہترین کھلاڑی: شین واٹسن (آسٹریلیا)

آسٹریلیا رنز گیندیں چوکے چھکے
شین واٹسن ک پولارڈ ب روچ 122 111 12 2
آرون فنچ ک تھامس ب سیمی 38 41 5 0
فلپ ہیوز ک تھامس ب سیمی 86 93 10 1
مائیکل کلارک ک و ب پولارڈ 15 19 1 0
جارج بیلی ک پولارڈ ب نرائن 44 22 6 1
گلین میکس ویل ک پولارڈ ب نرائن 4 3 0 0
میتھیو ویڈ ناٹ آؤٹ 4 5 0 0
جیمز فاکنر ب ڈیوین براوو 2 3 0 0
مچل جانسن ناٹ آؤٹ 8 5 1 0
فاضل رنز ب 1، و 3، ن ب 2 6
مجموعہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 329

 

ویسٹ انڈیز (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
کیمار روچ 9 1 72 1
آندرے رسل 5 0 41 0
ڈیرن سیمی 8 0 49 2
ڈیوین براوو 7 0 39 1
سنیل نرائن 10 0 55 2
کرس گیل 5 0 36 0
کیرون پولارڈ 6 0 36 1

 

ویسٹ انڈیزہدف: 330 رنز رنز گیندیں چوکے چھکے
کیرن پاول ک ویڈ ب میکس ویل 47 49 6 0
ڈیوون تھامس ک ہیوز ب میک کے 19 25 3 0
ڈیرن براوو ب فاکنر 86 96 7 1
ڈیوین براوو ب اسٹارک 51 50 5 0
کرس گیل ب فاکنر 2 5 0 0
کیرون پولارڈ رن آؤٹ 9 7 1 0
آندرے رسل ک ویڈ ب میک کے 43 31 6 1
رامنریش سروان ب جانسن 12 12 2 0
ڈیرن سیمی ب فاکنر 8 7 0 1
سنیل نرائن ب فاکنر 1 3 0 0
کیمار روچ ناٹ آؤٹ 1 1 0 0
فاضل رنز ل ب 4، و 6، ن ب 1 11
مجموعہ 47.3 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 290

 

آسٹریلیا (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
کلنٹ میک کے 10 1 62 2
مچل اسٹارک 7 0 50 1
مچل جانسن 9 1 59 1
جیمز فاکنر 8.3 1 48 4
گلین میکس ویل 10 0 44 1
مائیکل کلارک 3 0 23 0