پاکستان سپر لیگ ملتوی؛ نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے آئندہ ماہ شروع ہونے والی پاکستان سپر لیگ کو ملتوی کردیا گیا ہے۔ پی سی بی کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملکی ٹی 20 ٹورنامنٹ کو چند انتظامی وجوہات کی بناء پر ملتوی کیا جارہا ہے جن میں سرمایہ کاروں کی جانب سے ٹیموں کی خریداری کے لیے مزید وقت کا مطالبہ اور دیگر بین الاقوامی کرکٹ مقابلوں کا شیڈول ہے۔ 10 جنوری 2013ء کو پاکستان سپر لیگ متعارف کروائی گئی تھی جسے 26 مارچ سے 7 اپریل تک جاری رہنا تھا۔ ابتدائی اعلامیہ کے مطابق ٹورنامنٹ میں 5 ٹیمیں حصہ لیں گی جن کے مابین 23 میچز کھیلے جائیں گے۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کو ملتوی کرنے کا فیصلہ پی سبی کے چیئرمین ذکا اشرف اور وزیر داخلہ رحمن ملک کی اہم ملاقات کے بعد کیا گیا۔ پی سی بی کی جانب سے نئے شیڈول کی تیاری کے لیے ایک کمیٹی بنائی گئی ہے جو مناسب وقت کا تعین کر کے پاکستان سپر لیگ کے انعقاد کو ممکن بنانے میں کردار ادا کرے گی۔ پی سی بی کے منیجنگ ڈائریکٹر سلمان سرور نے اس حوالے سے کہا کہ لیگ کو ملتوی کرنا ایک مشکل فیصلہ تھا تاہم ٹیموں کی خریداری میں دلچسپی رکھنے والے اسپانسرز اور لیگ کے مفاد میں ہمیں یہ فیصلہ کرنا پڑا۔
ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کو بحال کرنے کے لیے پی سی بی حتی الامکان کوششیں میں مصروف ہے اور اسی مقصد کے لیے پاکستان سپر لیگ کا اعلان کیا گیا تھا لیکن اب محسوس ہوتا ہے کہ پی سی بی کو ایونٹ کے انعقاد میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ان میں سب سے اہم بین الاقوامی کھلاڑیوں کو پاکستان میں کرکٹ کھیلنے پر رضامند کرنا بھی شامل ہے۔ اس حوالے سے پی سی بی کا کہنا ہے کہ 80 بین الاقوامی کھلاڑیوں نے لیگ میں شرکت کی یقین دہانی کروائی ہے تاہم انہیں بورڈ سے این او سی لینا ابھی باقی ہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں سے بھی بات چیت جاری ہے۔ پی سی بی کی جانب سے کھلاڑیوں کو سخت سیکورٹی فراہم کیئے جانے کے علاوہ دو کروڑ ڈالرز بیمہ کروانے کی بھی پیشکش کی گئی تھی۔
ملک میں سیکورٹی خدشات کے باعث پاکستان سپر لیگ کو بیرون ملک کروانے کا امکان بھی سامنے آیا جسے پی سی بی کے چیئرمین ذکا اشرف نے رد کردیا۔ پاکستان میں لیگ کے انعقاد پر بہت سے کرکٹ بورڈز شکوک و شبہات کا شکار ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ ابھی تک اپنے کھلاڑیوں کو این او سی جاری کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ نہیں کرپائے۔ پاکستان سپر لیگ کے اعلان کے بعد انگلش کرکٹ بورڈ نے اپنے تمام کھلاڑیوں کو خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں حالات کرکٹ کے لیے سازگار نہیں اس لیے کوئی کھلاڑی وہاں کھیلنے نہیں جائے گا۔ علاوہ ازیں فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن (فیکا) بھی پاکستان میں سیکورٹی کی خراب صورتحال کا معاملہ بھی اٹھا چکی ہے۔