پروٹیز اور پاکستان کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی بارش کی نذر

3 1,022

جنوبی افریقہ اور پاکستان کے درمیان دو ٹی ٹونٹی مقابلوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا۔ ڈربن شہر گذشتہ رات ہی سے شدید بارش کی لپیٹ میں رہا تاہم آج دوپہر کچھ دیر کے لیے آسمان صاف ہوا اور سورج آب و تاب سے چمکنے لگا تو منتظمین و شائقین دونوں ہی مقابلے کے لیے پر امید تھے۔ لیکن شام ہوتے ہی موسلا دھار بارش کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوا جس کے باعث امپائرز شان جارج اور ایڈرائن ہولڈسٹاک نے مقابلے کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔

موسلا دھار بارش کے باعث امپائرز نے میچ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا
موسلا دھار بارش کے باعث امپائرز نے میچ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا

دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کا دوسرا و آخری ٹی ٹونٹی مقابلہ 3 مارچ بروز اتوار سنچورین کے مقام پر کھیلا جائے گا۔ جی ہاں، وہی سنچورین کہ جہاں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو آخری ٹیسٹ میں شکست دے کر سیریز میں 3-0 سے وائٹ واش مکمل کیا۔

گرین شرٹس اور پروٹیز کے درمیان اب تک 6 ٹی ٹونٹی مقابلے کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے دونوں ٹیموں نے 3، 3 مقابلوں میں کامیابی حاصل کر رکھی ہے۔ آخری بار دونوں ٹیموں آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹونٹی 2012ء میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں تھیں جہاں عمر گل نے شعلہ فشاں اننگ کھیل کر پاکستان کو فتح دلوائی تھی۔

پوائنٹس ٹیبل پر بالترتیب پانچوے اور چھٹے نمبر پر موجود جنوبی افریقہ اور پاکستان کے لیے اپنی رینکنگ کو بہتر بنانے کا اچھا موقع ہے۔

ٹیسٹ سیریز میں زبردست کامیابی حاصل کرنے کے بعد جہاں جنوبی افریقہ کے حوصلہ بلند ہیں وہیں دوسری جانب پاکستان ایک نئے طرز کرکٹ میں مخالف کا سخت مقابلہ کرنے اور پہ در پہ شکستوں کا بدلہ لینے کے لیے بھی بیتاب ہے۔ ٹی ٹونٹی مقابلوں کے بعد 10 مارچ سے دونوں تیمیں پانچ ایک روزہ مقابلہ کی سیریز بھی کھیلیں گی۔