ویسٹ انڈیز کی فتوحات کا سلسلہ جاری؛ زمبابوے کو ٹونٹی 20 میں بھی شکست

0 1,103

ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں کی سیریز میں کلین سویپ کرنے کے بعد ویسٹ انڈیز نے ٹونٹی 20 مقابلوں کی سیریز کا بھی فاتحانہ آغاز کردیا ہے۔ دو مختصر طرز کرکٹ کے مقابلوں کی سیریز کے پہلے میچ میں زمبابوے کو 8 وکٹ سے شکست دے کر میزبان ٹیم نے سیریز میں 1-0 کی ناقابل شکست برتری بھی حاصل کرلی ہے۔

ویسٹ انڈیز کے بلے باز لینڈل سیمنز
ویسٹ انڈیز کے لینڈل سیمنز زمبابوے کے گیند بازوں کے چھکے چھڑانے کے لیے کافی ثابت ہوئے (تصویر: WICB)

ٹونٹی 20 عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز کے بلے بازوں نے اپنے روایتی انداز میں کھیلتے ہوئے زمبابوے کے گیند بازوں کی بھرپور دھلائی کی۔ بالخصوص لینڈل سیمنز نے وکٹ کے چاروں طرف دلکش اسٹروکس کھیلے جن کی 49 گیندوں پر مشتمل ناقابل شکست 63 رنز کی اننگ  میں 6 چھکے اور 1 چوکا شامل تھا۔ ان کے علاوہ ڈیوائن براوو کے 30 گیندوں پر 38 رنز اور اوپنر جانسن چارلس کے 14 گیندوں پر 20 رنز نے بھی میزبان ٹیم کو ہدف کے تعاقب میں مدد دی۔ زمبابوے کی جانب سے کرس ایم پوفو نے قابل ذکر گیند بازی کی اور اپنے پہلے اسپیل کے مسلسل دو اوورز میں مخالف ٹیم کے دو بلے بازوں کو رخصت کر کے کسی قدر پریشانی پیدا کی تاہم دیگر گیند باز بلے سے نکلتے رنز کے سیلاب کو روکنے میں ناکام رہے۔ ویسٹ انڈیز نے بلے بازوں کی برق رفتاری کے باعث 131 رنز کا مطلوبہ ہدف صرف 16.1 اوورز میں حاصل کرلیا۔

قبل ازیں زمبابوے کے کپتان برینڈن ٹیلر نے ٹاس جیت کر پہلے خود کھیلنے کا فیصلہ کیا تاہم اننگ کا آغاز گزشتہ مقابلوں کی شروعات سے مختلف نہ تھا۔ میلکم والر، کریگ اروائن اور ووسی سبانڈا کے علاوہ مہمان ٹیم کا کوئی بھی بلے باز اپنے انفرادی اسکور کو دہرے ہندسے میں داخل نہ کرسکا اور مہمان ٹیم کے تمام ہی کھلاڑی انتہائی غیر ذمہ دارانہ اسٹروکس کھیلتے ہوئے اپنی وکٹ گنواتے رہے۔ بدقسمت میلکم والر سے صرف ایک رنز کے فرق سے اپنی نصف سنچری اسکور نہ کرسکے اور 50 گیندوں پر 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 49 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کے علاوہ کریگ اروائن نے بھی 5 چوکوں کی مدد سے 34 رنز بنائے اور مجموعی اسکور کو 130 تک پہنچانے میں مدد کی کہ جس کا دفاع کیا جاسکتا تھا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے ٹینو بیسٹ نے بہترین گیند بازی کرتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 18 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین رخصت کیا۔

شمالی ساؤنڈ، انٹیگوا میں سر ویون رچرڈز کے نام سے موسوم اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز کی فتح میں کلیدی کردار ادا کرنے والے لینڈل سیمنز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ انہوں نے اپنے ٹونٹی 20 کیریئر کی تیسری نصف سنچری اسکور کی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان 20، 20 اوورز پر مشتمل سیریز کا دوسرا و آخری معرکہ 3 مارچ کو کھیلا جائے گا۔