بدترین شکست، شکیب الحسن کی شائقین سے معذرت

1 1,037

بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن نے ٹیم کی مایوس کن کارکردگی اور عالمی کپ سے باہر ہونے پر شائقین کرکٹ سے معذرت کی ہے۔

شکیب الحسن

ہفتہ کو جنوبی افریقہ کے خلاف آخری میچ میں بنگلہ دیش انتہائی مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 206 رنز سے شکست کھا گیا۔ شیر بنگلہ اسٹیڈیم، میرپور، ڈھاکہ میں موجود 25 ہزار تماشائی ایک مرتبہ پھر اپنی ٹیم کو ہزیمت آمیز شکست کھاتے ہوئے دیکھتے رہے۔ 285 رنز کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم محض 78 رنز پر ڈھیر ہوئی۔

شکیب نے اس ہار کے بعد کہا ہے کہ "بنگلہ دیش کے شائقین کرکٹ کو ٹیم سے بہت امیدیں وابستہ تھیں کیونکہ ہم نے گزشتہ 12 ماہ میں بہت اچھی کرکٹ کھیلی۔ لیکن ہم نے ان سب کو مایوس کیا۔ ہم نے عالمی کپ میں بہت ناقص کھیل کھیلا اور میں اپنے شائقین سے بہت معذرت خواہ ہوں۔

جنوبی افریقہ کے خلاف آخری گروپ میچ میں فتح بنگلہ دیش کو کوارٹر فائنل میں پہنچا دیتی لیکن بدترین شکست نے ان کےتمام مواقع ضایع کر دیے۔ گو کہ اس شکست کے باوجود ان کے پوائنٹس انگلستان کے برابر ہیں لیکن ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کے خلاف میچز میں بدترین شکستوں کے باعث ان کا رن ریٹ بہت زیادہ ناقص ہے۔

شکیب نے کہا کہ ہماری شکست کی تمام تر ذمہ دار ہماری بیٹنگ ہے بلکہ ہماری بیٹنگ پورے ٹورنامنٹ میں اچھی نہیں رہی۔ حقیقت یہ ہے کہ 78 رنز پر آل آؤٹ ہو جانے کے بعد آپ کے لیے معذرت کرنے کو کچھ نہیں رہ جاتا۔

بنگلہ دیش کو شکست دینے کے بعد جنوبی افریقہ گروپ 'بی' میں سرفہرست آ گیا ہےاور اس کا مقابلہ کوارٹر فائنل میں گروپ اے میں چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والے نیوزی لینڈ کے ساتھ ہوگا۔