ویسٹ انڈیز ٹی ٹونٹی سیریز بھی جیت گیا؛ زمبابوے کو پے در پے شکست

0 1,084

ویسٹ انڈیز نے زمبابوے کو دو ٹی ٹونٹی مقابلوں کی سیریز کے آخری میچ میں ہرا کر سیریز 2-0 سے اپنے نام کرلی۔ میزبان ٹیم کے بلے باز اس بار زیادہ بڑا مجموعہ اکھٹا تو نہ کرسکے تاہم ویسٹ انڈیز گیند بازوں نے زمبابوے کے بلے بازوں کو ہدف تک پہنچنے سے بعض رکھا اور اپنی ٹیم کو 41 رنز سے فتح دلوائی۔

Kieron Pollard powers one down the ground, West Indies v Zimbabwe
کیرون پورلارڈ کے جارحانہ انداز نے ویسٹ انڈیز کو بڑا مجموعہ حاصل کرے میں مدد دی (تصویر: WICB)

انٹیگوا میں کھیلے گئے ٹی ٹونٹی میچ کی شروعات ویسٹ انڈیز کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر کی۔ انہوں نے پہلے بلے بازی کرنے کو ترجیح دی تاہم گذشتہ مقابلوں کے برعکس زمبابوے کی ٹیم بہتر فارم میں نظر آئی اور اس کے گیند بازوں نے میزبان ٹیم کے بلے بازوں کو ابتدائی اوورز کے دوران زیادہ کھل کر کھیلنے نہ دیا۔ اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ شروع کے 10 اوورز میں ویسٹ انڈیز کا اسکور 64/2 تھا۔ 13 ویں اوور میں ویسٹ انڈیز کی تیسری وکٹ گری تو اسکور 79 رنز تھا جس کے بعد اوپنر لینڈل سیمونز کا ساتھ دینے کیرون پولارڈ آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے رنز کی رفتار کو بڑھایا۔ سیمونز 39 گیندوں پر 2 چھکے اور 1 چوکے مدد سے 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو تمام تر ذمہ داری پولارڈ کے اوپر آگئی۔ پولارڈ نے اس ذمہ داری کو بخوبی نبھایا اور ٹی ٹونٹی کے روایتی انداز کو اپناتے ہوئے کھیلنے کی رفتار کو مزید تیز کردیا۔ گو کہ ایک اینڈ سے ویسٹ انڈین بلے بازوں کی آمد اور واپسی کا سلسلہ چلتا رہا تاہم میزبان ٹیم کا کوئی بھی گیند باز پولارڈ کے بلے سے نکلتے رنز کو نہ روک سکا۔ کیرون پولارڈ نے ناقابل شکست رہتے ہوئے صرف 24 گیندوں پر 3 چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 45 رنز کی اننگ کھیل کر مجموعی اسکور کو 158 رنز تک پہنچایا۔

زمبابوے کی جانب سے نتسائے مشانگوے اور ٹینو ٹینڈا میٹومبوڈزے نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کرس ایم پوفو، ٹنڈائے چاترا اور پروسپر اتسیا کے حصہ میں 1، 1 وکٹ آئی۔

Hamilton Masakadza scored an unbeaten 53 for Zimbabwe against West Indies
ہملٹن مساکاٹزا کی ناقابل شکست نصف سنچری اننگ بھی زمبابوے کے لیے ناکافی ثابت ہوئی (تصویر: WICB)

زمبابوے کے بلے باز میدان میں اترے تو ہدف کا حصول ناممکن نہیں تو مشکل ضرور نظر آ رہا تھا لیکن مہمان ٹیم کے بلے باز اپنے ساتھی گیند بازوں کی بہتر کارکردگی کا فائدہ نہ اٹھا سکے اور زمبابوے کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔ زمبابوے کی جانب سے ہملٹن ماساکاٹزا وہ واحد کھلاڑی ثابت ہوئے کہ جنہوں نے کالی آندھی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور میچ پر زمبابوے کی گرفت مضبوط کرنے کی کوشش کی۔ تاہم کوئی دوسرا بلے باز ان کا ساتھ نہیں دے سکا۔ وکٹ بچانے کے چکر میں زمبابوے کے اسکور بنانے کی رفتار بھی کم ہوگئی۔ اور مقررہ اوررز کے اختتام تک وہ صرف 117 تک پہنچ سکا۔ زمبابوے کی جانب سے ہملٹن ماساکاٹزا نے 51 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 53 رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے سیموئل بدری نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ڈوائن براوو کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں۔ بدری کو عمدہ گیند بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ لینڈل سیمونز کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ انہوں نے دو ٹی ٹونٹی مقابلوں میں 104 رنز بنائے جس میں ایک نصف سنچری بھی شامل ہے۔

ایک روزہ اور ٹی ٹونٹی سیریز کے بعد اب دونوں ٹیمیں دو ٹیسٹ مقابلوں کی سیریز میں آمنے سامنے ہوں گی۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ 12 مارچ سے برج ٹاؤن میں کھلا جائے گا۔