[ریکارڈز] اشرفل محروم، مشفق نے تاریخ میں نام لکھوا لیا

قسمت دیکھئے، محمد اشرفل جو ڈبل سنچری کے تاریخی سنگ میل سے محض 11 رنز کے فاصلے پر تھے، منزل کو حاصل کرنے میں ناکام رہے اور 152 رنز کے ساتھ دن کا آغاز کرنے والے کپتان مشفق الرحیم ریکارڈ قائم کرنے میں کامیاب ہو گئے۔

اشرفل، جنہوں نے 189 رنز کے ساتھ گال ٹیسٹ کے چوتھے دن کا آغاز کیا، کچھ دیر ٹھہرنے کے بعد صبر کا دامن ہاتھ سے چھوڑ بیٹھے اور انہیں رنگانا ہیراتھ کی گیند پر آگے بڑھ کر جارحانہ انداز میں شاٹ کھیلنا مہنگا پڑ گیا۔ گیند بلے کا باہری کنارہ لیتے ہوئے سلپ میں کھڑے فیلڈر کے محفوظ ہاتھوں میں چلی گئی اور یوں اک خواب ٹوٹ گیا۔ بوجھل قدموں کے ساتھ اشرفل میدان سے لوٹے تو بنگلہ دیش کی جانب سے یہ کارنامہ انجام دینے کی تمام تر ذمہ داری مشفق الرحیم پر آ گئی۔ اس وقت وہ محض 156 رنز پر کھیل رہے تھے لیکن بہت ذمہ دارانہ انداز میں انہوں سے اس سنگ میل کی جانب پیش قدمی جاری رکھی اور 320 گیندوں پر اپنی ڈبل سنچری مکمل کی۔
بدقسمتی سے وہ ڈبل سنچری بنانے کے بعد اگلی ہی گیند پر امپائر کی جانب سے ایل بی ڈبلیو قرار دے دیے گئے۔ البتہ وہ تاریخ میں اپنا نام رقم کرا گئے کہ وہ بنگلہ دیش کی 13 سالہ ٹیسٹ تاریخ کے پہلے بلے باز ہیں جنہوں نے ڈبل سنچری بنائی اور اس پر انہیں سری لنکا کے کھلاڑیوں اور تماشائیوں کی جانب سے بھی خوب داد ملی۔
مشفق کی 200 رنز کی اننگز 321 گیندوں پر مشتمل رہی جس میں انہوں نے 22 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ اتنی طویل اننگز اور 62 کے بہتر اسٹرائیک ریٹ سے کھیلنا، بلاشبہ ایک تاریخی کارنامہ ہے۔
دونوں بلے بازوں، محمد اشرفل کے 190 اور مشفق کے 200 رنز، کی بدولت بنگلہ دیش نے ناقابل یقین طور پر سری لنکا کے پہلی اننگز کے مجموعے 570 رنز پر برتری بھی حاصل کر لی۔
گو کہ گال ٹیسٹ بظاہر کسی نتیجے کی جانب گامزن نظر نہیں آتا لیکن بنگلہ دیشی بلے بازوں کی جرات مندانہ کارکردگی نے اس ٹیسٹ کو امر کر دیا ہے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے سب سے طویل ٹیسٹ اننگز کھیلنے والے بلے باز
نام | ملک | رنز | گیندیں | چوکے | چھکے | بمقابلہ | بمقام | بتاریخ |
---|---|---|---|---|---|---|---|---|
مشفق الرحیم | ![]() |
200 | 321 | 22 | 1 | ![]() |
گال | مارچ 2013ء |
محمد اشرفل | ![]() |
190 | 417 | 20 | 1 | ![]() |
گال | مارچ 2013ء |
محمد اشرفل | ![]() |
158* | 194 | 24 | 3 | ![]() |
چٹاگانگ | دسمبر 2004ء |
تمیم اقبال | ![]() |
151 | 183 | 18 | 3 | ![]() |
ڈھاکہ | جنوری 2010ء |
امین الاسلام | ![]() |
145 | 380 | 17 | 0 | ![]() |
ڈھاکہ | نومبر 2000ء |
شکیب الحسن | ![]() |
144 | 242 | 15 | 0 | ![]() |
ڈھاکہ | دسمبر 2011ء |
شہریار نفیس | ![]() |
138 | 189 | 19 | 0 | ![]() |
فتح اللہ | اپریل 2006ء |