[گیارہواں کھلاڑی] سوال جواب قسط 8
سوال: اب تک جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے کرکٹ میں پاکستان کی طرف سے کتنی سنچریاں بنی ہیں اور کن کن کھلاڑيوں نے بنائی ہیں؟ سرور مری
جواب: اب تک پاکستان کے بلے بازوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف کل 9 سنچریاں بنائی ہیں۔ عبد الرزاق، اعجاز احمد اور محمد یوسف نے دو، دو مرتبہ یہ کارنامہ انجام دیا ہے جبکہ جاوید میانداد، عامر سہیل اور سلیم الٰہی نے ایک، ایک بار سنچری اسکو رکر رکھی ہے۔ پاکستان کی طرف سے جنوبی افریقہ کے خلاف آخری بنائی گئی سنچری عبد الرزاق کی 109 رنز کی وہ ناقابل شکست و طوفانی اننگز تھی جو 2010ء میں ابوظہبی میں پاکستان کو فتح سے ہمکنار کر گئی تھی۔ ابھی موجودہ سیریز میں مزید دو میچز باقی ہیں اور ممکن ہے کہ پاکستان کی جانب سے کوئی ایک آدھ سنچری بنا ڈالے۔ شاہد آفریدی تیسرے ون ڈے میں خاصے قریب پہنچ گئے تھے لیکن 12 رنز کے فرق سے محروم رہ گئے۔
سوال: اسٹمپ اور رن آؤٹ میں کیا فرق ہے؟ کس صورت میں وکٹ کیپر کے ماری گئی گیند رن آؤٹ کا سبب بنتی ہے اور کس صورت میں اسٹمپ کا؟ علی
جواب: بیٹسمین جب شاٹ کھیلنے کی کوشش میں کریز سے باہر نکلتا ہے اور اس کا بلا اور جسم کا کوئی حصہ کریز می ںنہیں ہوتا تو وکٹ کیپر بال کی مدد سے بیلز اڑا سکتا ہے، اسے اسٹمپ کہتے ہیں۔ جب بیٹسمین شاٹ کھیل کر رنز لینے کی کوشش کرتا ہے اور دونوں بلے باز جب کریز سے باہر ہوں گے تو کوئی بھی فیلڈر بشمول وکٹ کیپر اسٹرائیکر یا نان-اسٹرائیکر اینڈ پر وکٹ کی بیلز اڑا سکتا ہے، یہ رن آؤٹ کہلائے گا۔ فیلڈر اسٹمپ آؤٹ نہیں کر سکتا، لیکن کیپر رن آؤٹ اور اسٹمپ دونوں کر سکتا ہے۔ نو بال پر اسٹمپ نہیں ہوتا لیکن رن آؤٹ کیا جا سکتا ہے۔
سوال: محمد حفیظ کو پروفیسر کیوں کہتے ہیں؟ طاہر
محمد حفیظ چونکہ فیلڈ کے اندر زیادہ تر متحرک رہتے ہیں اور گیند باز، کپتان اور تمام فیلڈرز کو مشورے دیتے رہتے ہیں اسی بناء پر ایک مرتبہ رمیز راجہ نے دوران کمنٹری انہیں پروفیسر کہا تھا۔ مئی 2012ء میں محمد حفیظ سے ایک انٹرویو میں یہ پوچھا گیا کہ آپ کے تمام ساتھی آپ کو پروفیسر کیوں کہتے ہیں؟ تو حفیظ نے جواب دیا کہ "انہوں نے مجھے پروفیسر مذاق کے طور پر کہنا شروع کیا تھا کہ میں کافی فیڈ بیک دیتا ہوں، اور یہ رمیز بھائی تھے جنہوں نے میڈيا پر پروفیسر کو پھیلا دیا، ویسے میرے اہل خانہ اور دوست مجھے چندا کہہ کر پکارتے ہیں۔"
سوال: بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز جاری ہے، جس میں اب تک آسٹریلیا کوئی بھی مقابلہ جیتنے میں ناکام رہا ہے۔ اگر بھارت کلین سویپ کرتا ہے تو کیا یہ آسٹریلیا کے خلاف ہندوستان کے کلین سویپ کا تاریخ میں پہلا موقع ہوگا؟ اسد علی
جواب: بالکل بھارت کا آسٹریلیا کے خلاف کسی بھی بڑی سیریز میں یہ پہلا کلین سویپ ہوگا ۔ 2010ء میں 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز جو کہ بھارت میں کھیلی گئی تھی اس میں بھارت آسٹریلیا کے خلاف دونوں مقابلے جیت چکا ہے لیکن تین یا اس سے زیادہ ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ابھی تک بھارت آسٹریلیا کو تمام مقابلوں میں شکست نہیں دے پایا۔ کرک نامہ کے قارئین کو یہ بھی بتاتا چلوں کہ بھارت نے صرف 2 بار تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں کلین سویپ کیا ہے۔ 1993ء میں جب انگلستان بھارت کے دورے پر تھا، اور اگلے ہی سال 1994ء میں سری لنکا کے خلاف۔ یہ دونوں سیریز بھارتی سرزمین پر ہی کھیلی گئی تھیں۔
سوال: پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ایک روزہ کرکٹ میں کتنے چھکے لگائے ہیں، اور اس کے ملک کے خلاف سب سے زیادہ لگائے گئے ہیں؟ طاہر فاروق
جواب: اتوار کو پاک-جنوبی افریقہ تیسرے ون ڈے میچ کے اختتام تک پاکستان نے ایک روزہ کرکٹ میں 1834 چھکے لگائے ہیں جو کہ اس طرز کی کرکٹ میں کسی بھی ٹیم کی جانب سے لگائے جانے والے تیسرے سب سے زیادہ چھکے ہیں۔ بھارت 1910 چھکوں کے ساتھ اول جبکہ ویسٹ انڈیز 1849 چھکوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ پاکستان میں ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے بھارت کے خلاف لگا رکھے ہیں جن کی تعداد 340 ہے، دوسرا نمبر سری لنکا ہے جن کے خلاف پاکستانی بلے بازوں نے 333 چھکے لگائے ہیں۔
اگر آپ بھی شفقت ندیم سے کوئی سوال پوچھنا چاہتے ہیں تو کرک نامہ کے اس صفحے پر موجود فارم کو استعمال کریں۔