زخمی عمر گل کے چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہونے کا خدشہ

0 1,095

پاکستان کے تیز گیندباز عمر گل ممکنہ طور پر آنے والے اہم ترین ٹورنامنٹ چیمپئنز ٹرافی میں حصہ نہیں لے پائیں گے، کیونکہ حالیہ دورۂ جنوبی افریقہ میں اپنے دائیں گھٹنے میں ایک انجری کا شکار ہو گئے تھے اور اب اس کی بڑھتی ہوئی تکلیف ان کے مسائل میں مزید اضافہ کر رہی ہے۔

عمر گل کی غیر حاضری کی صورت میں پاکستان کو تیز باؤلنگ کے شعبے میں  درکار تجربے سے محروم ہونا پڑے گا (تصویر: AFP)
عمر گل کی غیر حاضری کی صورت میں پاکستان کو تیز باؤلنگ کے شعبے میں درکار تجربے سے محروم ہونا پڑے گا (تصویر: AFP)

معروف ویب سائٹ پاک پیشن کے مطابق پاکستان واپسی کے بعد سے عمرگل متعدد بار اسکین کے مراحل سے گزر چکے ہیں اور ان کے نتائج آسٹریلیا میں ماہرین کو بھیجے جا چکے ہیں۔ ان ماہرین کا فیصلہ اس امر کو یقینی بنائے گا کہ آیا عمر گل مستقبل کے اہم مقابلوں میں شرکت کر پائیں گے یا نہیں۔

جنوبی افریقہ میں عمر گل ٹیسٹ سیریز میں 3-0 کی شکست کے بعد صرف ایک ون ڈے مقابلہ کھیل پائے۔

28 سالہ گیند باز، جو 116 ون ڈے اور 47 ٹیسٹ مقابلے کھیل چکے ہیں، ماضی میں بھی مختلف انجریز کا شکار رہ چکے ہیں۔

عمر گل نہ صرف جاری پریزیڈنٹ کپ ڈومیسٹک ون ڈے ٹورنامنٹ نہیں کھیل پائے بلکہ وہ کراچی میں باؤلنگ کیمپ میں بھی شرکت نہیں کر سکیں گے جس میں عظیم پاکستانی باؤلر وسیم اکرم شہر میں باصلاحیت تیز باؤلرز کی تلاش کریں گے۔

2003ء میں اپنے ایک روزہ کیریئر کا آغاز کرنے والے عمر گل کی چیمپئنز ٹرافی میں عدم موجودگی پاکستان کے لیےایک بڑا نقصان ہوگی کیونکہ وہ ماضی میں عالمی سطح کے چند اہم ٹورنامنٹس میں پاکستان کی فتوحات میں اہم کردار ادا کر چکے ہیں۔