[کچھ یادیں کچھ باتیں] ''یہ ماجد خان کے شہر کے بچے ہیں'' ایلن بارڈر

4 1,182

1980ء میں جب گریگ چیپل کی قیادت میں آسٹریلوی ٹیم پاکستان کے دورے پر تھی تو وہاں قیام کے دوران ہمیں بہت سے دلچسپ واقعات سے دوچار ہونا پڑا۔ لاہورمیں انٹرکانٹی نینٹل ہوٹل کے عقبی حصے میں ہم نے لوگوں کو آتش بازی کرتے دیکھا تو ٹیم کے تمام کھلاڑیوں نے پروگرام بنایا کہ اگلے دن ہم بھی آتش بازی کا سامان خریدیں گے اور ہوٹل میں عقبی جانب آتش بازی کریں گے۔

رچی! یہ ماجدخان کے شہر کے بچے ہیں، ان کو زیادہ نہ آزماؤ: ایلن بارڈر
رچی! یہ ماجدخان کے شہر کے بچے ہیں، ان کو زیادہ نہ آزماؤ: ایلن بارڈر

دوسرے دن پروگرام کے مطابق ٹولیوں کی شکل میں لاہور کے اس بازار کی تنگ گلیوں میں گھومنے لگے جہاں آتش بازی کا سامان فروخت ہورہا تھا۔ ہم الگ الگ دو دو تین تین کی ٹولیوں میں اس لیے گئے تاکہ لوگ ہمیں آسانی سے پہچان نہ سکیں۔ میرے ساتھ گریگ رچی بھی بازار میں گھوم رہا تھا۔ بازار کی گلیوں میں گھومتے گھومتے ہم ایک قدرے کشادہ سڑک پر نکل آئے۔ ہمارے سامنے سڑک پر چند کم سن لڑکے کرکٹ کھیل رہے تھے۔ ایک بچہ لکڑی کے ایک تختے سے بیٹنگ کررہا تھا جبکہ ایک دوسرا بچہ میلی کچیلی ٹینس کی گیند سے اسے باؤلنگ کررہا تھا۔ گریگ رچی جو ہر وقت کچھ نہ کچھ شغل کرنے کے موڈ میں رہتے تھے انہوں نے بچہ سے گیند لی اور کہنے لگے کہ وہ ایک گیند کرائے گا اس معصوم بچے نے کچھ نہ سمجھتے ہوئے گیند گریگ رچی کو دے دی۔

رچی اپنے چہرے پر شراتی مسکراہٹ سجائے گیند اپنے ہاتھوں میں تھامی اور مائیکل ہولڈنگ کے انداز میں بیس قدموں کا رن اپ لے کر بڑے اسٹائلش انداز میں اس تین فٹ کے ننھےسے بچے کو بڑی طوفانی گیند کرادی۔ بیٹنگ کرنے والے بچے نے ایک قدم پیچھے نکالا اور گیند کو ڈیپ فائن لیگ کی جانب اتنے بھرپور انداز میں ہک کیا کہ گیند تین گلیوں کو عبور کرکے نہ جانے کہاں چلی گئی۔ فیلڈنگ کرنے والے بچے گیند لینے ادھر ادھر بھاگنے لگے۔ گریگ رچی کو اس ننھے سے بچے سے اس قدر بھرپورشاٹ کی توقع نہیں تھی۔ وہ شرمندگی سے زمین پر گرگیا۔ گریگ رچی کچھ سنجیدہ ہوگیا اور بدلے کے موڈ میں آگیا۔ اس کی خواہش تھی کہ اس کو ایک مرتبہ پھر گیند مل جائے تو وہ اس بچے کو ایک گیند اور کرائے۔ جب میں نے گریگ رچی کو واقعی سنجیدہ ہوتے دیکھا تو میں نے اس کا ہاتھ پکڑا اور یہ کہتے ہوئے اسے وہاں سے لے آیا کہ "رچی! یہ ماجدخان کے شہر کے بچے ہیں، ان کو زیادہ نہ آزماؤ۔"

"کچھ یادیں، کچھ باتیں" کے سلسلے میں ہم سابق و موجودہ کھلاڑیوں کو پیش آنے والے چند دلچسپ واقعات پیش کرتے ہیں۔