زخمی پیٹرسن نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز سے باہر
انگلستان کے کلیدی بلے باز کیون پیٹرسن نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی ہوم سیریز میں شرکت نہیں کر پائیں گے۔ وہ گزشتہ ماہ فیلڈنگ کی مشقوں کے دوران گھٹنے کی تکلیف کا شکار ہو گئے تھے۔
32 سالہ پیٹرسن کو یہ انجری حالیہ دورۂ نیوزی لینڈ ہی میں ہوئی تھی جس کے نتیجے میں وہ سیریز کا آخری مقابلہ نہیں کھیل پائے تھے۔
ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں مڈل آرڈر بلے باز کا کہنا تھا کہ "انجریز کھلاڑی کا بدترین ڈراؤنا خواب ہیں! اور یہ انجری مجھے سب سے زیادہ تکلیف دے رہی ہے۔"
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کا کہنا ہے کہ پیٹرسن اگلے ماہ انگلستان میں ہونے والی سیریز میں شرکت نہیں کر پائیں گے۔
ای سی بی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ "کیون پیٹرسن نیوزی لینڈ کے خلاف آنے والی ٹیسٹ سیریز سے باہر ہیں کیونکہ وہ دائیں گھٹنے کے زخمی ہونے کے بعد اب بھی بحالی کے عمل سے گزر رہے ہیں۔وہ اگلے ہفتے مزید اسکین کے مراحل سے گزریں گے تاکہ ان کی تربیتی مشقوں کا دوبارہ آغاز کیا جا سکے۔"
پیٹرسن اسی انجری کی وجہ سے بھارت میں جاری انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں بھی حصہ نہیں لے پا رہے۔
انگلستان 16 مئی کو لارڈز میں نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ کھیلے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 24 مئی سے لیڈز میں شروع ہوگا۔
انگلستان کو دو ٹیسٹ مقابلوں کی سیریز کے بعد بہت مصروف شیڈول کا سامنا ہے، وہ 6 جون سے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرے گا اور اس کے بعد 10 جولائی سے آسٹریلیا کے خلاف پانچ ٹیسٹ مقابلوں کی ایشیز سیریز شروع ہوگی۔
اور معاملہ یہیں بھی نہیں ٹھیرتا بلکہ 21 نومبر سے 7 جنوری تک انگلستان کو جوابی ایشیز سیریز بھی کینگروز کے دیس میں کھیلنی ہے۔
پیٹرسن نے 2005ء میں اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اب تک 94 ٹیسٹ مقابلے کھیل چکے ہیں جن میں 49.01 کے اوسط سے انہوں نے 7499 رنز بنائے ہیں۔