سری لنکا نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے مضبوط دستے کا اعلان کر دیا
سری لنکا نے چیمپئنز ٹرافی 2013ء کے لیےاپنے مضبوط اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس میں مہیلا جے وردھنے، رنگانا ہیراتھ اور چناکا ویلیگیدرا کی واپسی ہوئی ہے۔
مہیلا جے وردھنے، جنہوں نے کچھ عرصہ قبل ہی ایک روزہ قیادت چھوڑی ہے، انگلی کی تکلیف کی وجہ سے بنگلہ دیش کے خلاف حالیہ ایک روزہ سیریز نہیں کھیل پائے تھے جبکہ ہیراتھ کو اس سیریز میں آرام کا موقع دیا گیا تھا۔ ویلیگیدرا 2010ء کے بعد پہلی بار ٹیم میں واپس آئے ہیں۔
ان کھلاڑیوں کو جگہ دینے کے لیے سری لنکا نے بدترین فارم کے شکار اوپل تھارنگا اور تین غیر معروف کھلاڑیوں کو باہر کیا ہے۔
بہرحال، یہ نوآموز کپتان اینجلو میتھیوز کا پہلا بہت بڑا امتحان ہوگا۔ بنگلہ دیش کے خلاف حالیہ سیریز کے ابتدائی ٹیسٹ میں ان کی قیادت کا سخت امتحان ہوا اور بالآخر سری لنکا 1-1 سے سیریز بچانے میں کامیاب ہوگیا لیکن اب یہاں انگلستان میں جب دنیائے کرکٹ کی 8 بہترین ٹیمیں مدمقابل ہوں گی تو پتہ چلے گا کہ کس میں کتنا دم ہے۔
چیمپئنز ٹرافی کے سلسلے کے آخری ٹورنامنٹ میں سری لنکا گروپ 'اے' میں آسٹریلیا، میزبان انگلستان اور نیوزی لینڈ کے مدمقابل ہوگا۔ اس کا پہلا مقابلہ 9 جون کو نیوزی لینڈ کے خلاف کارڈف میں ہوگا۔
سری لنکا ماضی میں ایک مرتبہ چیمپئنز ٹرافی جیت چکا ہے، جب 2002ء میں اپنی ہی سرزمین پر اسے دو مرتبہ فائنل بارش کی نذر ہونے کے بعد بھارت کے ساتھ مشترکہ فاتح قرار دیا گیا تھا۔
مکمل اعلان کردہ ٹیم یہ ہے:
اینجلو میتھیوز (کپتان)، تلکارتنے دلشان، تھیسارا پیریرا، جیون مینڈس، چناکا ویلیگیدرا، دنیش چندیمال، رنگانا ہیراتھ، سچیتھرا سینانائیکے، شامنڈا ایرنگا، کمار سنگاکارا، کوشال پیریرا، لاستھ مالنگا، لاہیرو تھریمانے، مہیلا جے وردھنے اور نووان کولاسیکرا۔