بنگلہ دیش کی بھاری بھرکم جیت، زمبابوے ڈھیر ہو گیا

0 1,040

ناصر حسین کی ذمہ دارانہ بلے بازی اور بعد ازاں ضیاء الرحمٰن کی تباہ کن باؤلنگ نے بنگلہ دیش کو پہلے ون ڈے میں زمبابوے پر 121 رنز کی بھاری فتح دلا دی۔ تین ایک روزہ مقابلوں کی سیریز میں بنگلہ دیش کو اب ایک-صفر کی برتری حاصل ہو چکی ہے۔

زمبابوے کے 78 پر دو کھلاڑی آؤٹ تھے لیکن پوری ٹیم 148 رنز پر ڈھیر ہوئی (تصویر: AFP)
زمبابوے کے 78 پر دو کھلاڑی آؤٹ تھے لیکن پوری ٹیم 148 رنز پر ڈھیر ہوئی (تصویر: AFP)

بلاوایو کے کوئنز اسپورٹس کلب میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو بلے بازی کی دعوت دی تو تجربہ کار اوپنرز تمیم اقبال اور محمد اشرفل نے 65 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا لیکن دونوں کی وکٹیں پے در پے گرنے اور پھر ایک ہی اوور میں مشفق الرحیم اور شکیب الحسن کے شنگی ماساکاز کے ہاتھوں آؤٹ ہونے نے منظرنامے کو بدل کر رکھ دیا۔ اس موقع پر مومن الحق اور ناصر حسین نے 76 قیمتی رنز کا اضافہ کیا۔ مومن نے 66 گیندوں پر 38 رنز کی نسبتاً سست اننگز کھیلی لیکن بہرحال وہ وقت کا تقاضہ تھی اور انہوں نے ناصر حسین کا بھرپور ساتھ دیا۔

ناصر نے بلاشبہ دن کی سب سے بہترین باری کھیلی۔ 67 گیندوں پر ایک چھکے اور 7 چوکوں کی مدد سے 68 رنز بنانے کے بعد وہ اس وقت پویلین لوٹے جب بنگلہ دیش کا مجموعہ 200 کی حد عبور کر چکا تھا۔ آخری لمحات میں محمود اللہ کے 36 رنز اسکور کو 269 رنز تک لے جانے میں کامیاب ہوئے، جو زمبابوے کے لیےکافی ثابت ہوئے۔

زمبابوے کی جانب سے شنگی ماساکازا نے 4، ٹینڈائی چتارا نے 2 اور تناشے پنیانگرا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

270 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے ابتداء ہی میں ڈھیر ہو گیا۔ دوسرے اوور میں ریگس چکاباوا کے آؤٹ ہونے کے بعد زمبابوے کو ڈیبوٹنٹ سکندر رضا کی وکٹ سے بھی ہاتھ دھونے پڑے۔ دونوں کھلاڑی شفیع الاسلام کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوئے۔ پاکستانی نژاد سکندر رضا اپنے پہلے مقابلے میں متاثر کرنے میں ناکام رہے۔ تیسری وکٹ پر 65 رنز جوڑنے کے بعد زمبابوے کو فیصلہ کن ضرب لگی جب عبد الرزاق نے ان فارم حریف کپتان برینڈن ٹیلر کو بولڈ کیا۔ وہ 37 گیندوں پر 33 رنز بنا سکے۔ اس کے بعد ایسا لگتا تھا زمبابوے کے لیے وکٹوں کو گرنے سے روکنا ناممکن ہے۔ خصوصاً 93 کے مجموعی پر جس طرح 4 وکٹیں گریں وہ میزبان کے لیے شرمناک لمحہ تھا۔ ضیاء الرحمٰن نے گویا دو اوور ہی میں بساط لپیٹ دی۔

زمبابوے کی ٹیم 33 ویں اوور میں محض 148 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور یوں بنگلہ دیش کو 121 رنز کی بھاری فتح نصیب ہوئی۔

ضیاء الرحمٰن نے 9 اوورز میں صرف 30 رنز د ےکر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور سب سے نمایاں گیندباز ہونے کی وجہ سے مرد میدان قرار پائے جبکہ دو وکٹیں شفیع الاسلام اور ایک، ایک ربیع الاسلام اورعبد الرزاق نے حاصل کیں۔

دونوں ٹیمیں اب 5 مئی یعنی کل اسی میدان پر ایک مرتبہ پھر مدمقابل ہوں گی۔