زمبابوے کا بھرپور جوابی حملہ، سیریز برابر
سین ولیمز اور ووسی سبانڈا کی عمدہ بلے بازی کی بدولت زمبابوے نے دوسرا ایک روزہ جیت کر سیریز برابر کر لی۔ مسلسل سات ون ڈے مقابلوں میں شکست کھانے کے بعد زمبابوے کے لیے یہ ایک خوش کن جیت تھی، جس نے سیریز کے فیصلے کو آخری مقابلے تک ٹال دیا ہے۔
بلاوایو کے کوئنز اسپورٹس کلب میں ہونے والے سیریز کے دوسرے ون ڈے میں میزبان زمبابوے کو بنگلہ دیش پر لازماً فتح درکار تھی کیونکہ وہ پہلے مقابلے میں بری طرح شکست سے دوچار ہو گیا تھا اور آج ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ ابتداءً تو بہت اچھا ثابت ہوا کیونکہ زمبابوے نے صرف 124 پر آدھی بنگلہ ٹیم کو واپسی کی راہ دکھا دی تھی۔ لیکن آخری لمحات میں عبد الرزاق کے 22 گیندوں پر شاندار 53 رنز نے میزبان کھلاڑیوں کے ہاتھوں کے طوطے اڑا دیے۔ عبد الرزاق، جنہوں نے گزشتہ مقابلے میں سب سے قیمتی وکٹ حاصل کر کے بنگلہ دیشی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا، آج بلے کے ذریعے اپنا جادو دکھاتے رہے۔ 5 بلند و بالا چھکوں اور 4 چوکوں سے مزین یہ اننگز بنگلہ دیش کو 9 وکٹوں کے نقصان پر 252 کے مجموعے تک پہنچا گئی۔ ان کے علاوہ 36 رنز ناصر حسین اور 34 شکیب الحسن نے بنائے۔
ایلٹن چگمبورا نے 3 جبکہ ٹینڈائی چتارا نے 2 وکٹیں حاصل کیں اور ایک، ایک وکٹ کائل جاروس، شنگی ماساکازا اور پراسپر اتسیا کو ملی۔
253 رنز کا ہدف ملنا زمبابوے کی توقعات سے تو کافی زیادہ تھا لیکن اس نے جس عمدگی سے تعاقب کیا، اس نے ثابت کیا کہ گزشتہ مقابلے میں بلے بازوں کا ڈھیر ہو جانا محض وقتی تھا۔ دوسری وکٹ پر ووسی سبانڈا اور پاکستانی نژاد سکندر رضا کے درمیان 65 رنز کی شراکت نے معاملے کو آسان کیا۔ چند گیندوں کے فاصلے پر سبانڈا اور سکندر کی وکٹیں گرنے کے بعد کپتان برینڈن ٹیلر اور سین ولیمز نے فتح گر شراکت داری قائم کی۔ سبانڈا بدقسمتی سے اپنی نصف سنچری مکمل نہ کر سکے اور 51 گیندوں پر 49 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ سکندر رضا نے 23 رنز بنائے۔
ٹیلر اور سین ولیمز نے چوتھی وکٹ پر 73 قیمتی رنز جوڑے ، البتہ فتح اب بھی کافی دور تھی کیونکہ جب 35 ویں اوور میں ٹیلر کی وکٹ گری تو اس وقت بھی زمبابوے جیت سے 86 رنز کے فاصلے پر تھا۔ لیکن ولیمز نے میلکم والر کے ساتھ مل کر اس منزل کو بھی پا لیا۔ ٹیلر نے 37 رنز بنائے جبکہ سین ولیمز شاندار 78 اور والر 39 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ ولیمز کی اننگز 75 گیندوں پر کھیلی گئی اور اس میں ایک چھکا اور 6 چوکے شامل تھے۔
زمبابوے نے 48 ویں اوور میں صرف 4 وکٹوں پر ہدف حاصل کر لیا اور چھ وکٹوں کی فتح حاصل کی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے شفیع الاسلام نے 2 جبکہ گزشتہ مقابلے کے ہیرو ضیاء الرحمٰن اور شکیب الحسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
سین ولیمزکو شاندار بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان آخری و فیصلہ کن مقابلہ 8 مئی کو بلاوایو کے اسی میدان میں ہوگا۔