پاکستان کے خلاف سیریز، اسکاٹ لینڈ کی قیادت کائل کوئٹزر کے سپرد

0 1,021

چیمپئنز ٹرافی 2013ء میں شرکت کے لیے انگلستان روانگی سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم اسکاٹ لینڈ میں موجود ہے جہاں وہ رواں ہفتے دو ایک روزہ بین الاقوامی میچز کھیلے گی۔ ان مقابلوں کے لیے اسکاٹ لینڈ نے ٹیم کی قیادت کائل کوئٹزر کو سونپ دی ہے جو گورڈن ڈرومنڈ کی ریٹائرمنٹ کے بعد اس ذمہ داری کو سنبھالیں گے۔

کائل کوئٹزر ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں 49 سے زیادہ کا اوسط رکھتے ہیں (تصویر: Getty Images)
کائل کوئٹزر ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں 49 سے زیادہ کا اوسط رکھتے ہیں (تصویر: Getty Images)

29 سالہ کوئٹزر ٹاپ آرڈر بلے باز ہیں اور ایک روزہ بین الاقوامی کیریئر میں 49 سے زیادہ کا متاثر کن اوسط رکھتے ہیں۔ وہ 17 مئی بروز جمعہ ایڈنبرا میں ہونے والے پاک-اسکاٹ لینڈ پہلے ون ڈے میں قیادت کے فرائض نبھائیں گے۔ مختصر سیریز کا دوسرا و آخری مقابلہ 19 مئی کو ایڈنبرا ہی میں ہوگا۔

سیریز کے لیے کوئٹزر کے نائب کی حیثیت سے پریسٹن مومسن کو مقرر کیا گیا ہے۔

کوئٹزر دو سال قبل ڈرہم سے نارتھمپٹن شائر کاؤنٹی میں منتقل ہوئے تھے اور اب اسی کی جانب سے کھیلتے ہیں۔

قیادت کی ذمہ داری ملنے کے بعد کوئٹزر کا کہنا ہے کہ وہ عالمی کرکٹ میں اسکاٹ لینڈ کو بہترین مقام عطا کرنے کے لیے اپنی پوری کوشش کریں گے اور ملک کی قیادت کرنا ان کے لیے قابل فخر ہے۔

کوئٹزر 12 ایک روزہ بین الاقوامی مقابلے کھیل چکے ہیں اور 49.4 کا بہترین اوسط رکھتے ہیں۔ ایک روزہ کرکٹ میں ان کا بہترین اسکور 133 ہے جو انہوں نے افغانستان کے خلاف رواں سال مارچ میں بنایا تھا۔