[ریکارڈز] مصباح کے بین الاقوامی کیریئر کے 100 چھکے

1 1,050

کیا آپ جانتے ہیں کہ بین الاقوامی کیریئر میں 100 سے زائد چھکے لگانے والے کھلاڑیوں میں اک نئے بلے باز کا اضافہ ہوا ہے، وہ بھی ایسا بیٹسمین جسے اس کے ملک کے شائقین 'ٹک ٹک' کے نام سے جانتے ہیں۔ جی ہاں! مصباح الحق نے یہ اہم سنگ میل گزشتہ روز اسکاٹ لینڈ کے خلاف میچ میں عبور کیا۔

مصباح الحق پاکستان کے دسویں بلے باز ہیں جنہوں نے بین الاقوامی کرکٹ کیریئر میں 100 چھکوں کا اعزاز حاصل ہوا (تصویر: AFP)
مصباح الحق پاکستان کے دسویں بلے باز ہیں جنہوں نے بین الاقوامی کرکٹ کیریئر میں 100 چھکوں کا اعزاز حاصل ہوا (تصویر: AFP)

ایڈنبرا میں ہونے والے دورے کے پہلے مقابلے میں مصباح الحق نے 83 کی ناقابل شکست اور فاتحانہ باری کے دوران دو مرتبہ گیند کو براہ راست میدان سے باہر پھینکا۔ ان کا دوسرا چھکا دراصل ان کے بین الاقوامی کیریئر کا 100 واں چھکا بھی تھا۔ یوں وہ پاکستان کی تاریخ کے دسویں بلے باز بن گئے، جنہیں یہ کارنامہ انجام دینا نصیب ہوا۔

مصباح الحق اپنے 12 سالہ بین الاقوامی کیریئر میں 39 ٹیسٹ، 115 ایک روزہ اور 39 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلے کھیل چکے ہیں جن میں ٹیسٹ میں انہوں نے 27، ایک روزہ مقابلوں میں 47 اورٹی ٹوئنٹی میں 26 چھکے لگا رکھے ہیں یعنی ان کے چھکوں کا کل مجموعہ 100 بنتا ہے۔

اُن سے قبل شاہد آفریدی، انضمام الحق، وسیم اکرم، عبد الرزاق، محمد یوسف، سعید انور، اعجاز احمد اور یونس خان یہ کارنامہ سر انجام دے چکے ہیں۔ مصباح الحق سب سے کم انٹرنیشنل میچز کھیل کر اس منزل تک پہنچے ہیں۔

شاہد آفریدی بین الاقوامی کرکٹ میں 392 چھکے لگا کر نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے کھلاڑی ہیں۔ قارئین کی دلچسپی کے لیے ہم ذیل میں پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے کھلاڑیوں کی فہرست پیش کر رہے ہیں۔ امید ہے معلومات میں اضافے کا باعث بنے گی:

بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے پاکستانی کھلاڑی

بلے باز میچز رنز بہترین اسکور اوسط سنچریاں نصف سنچریاں صفر چوکے چھکے
شاہد آفریدی 440 9781 156 24.21 11 46 41 949 392
انضمام الحق 499 20581 329 43.32 35 129 35 2076 193
وسیم اکرم 460 6615 257* 18.73 3 13 45 571 178
عبد الرزاق 341 7409 134 28.94 6 30 19 632 168
محمد یوسف 381 17300 223 45.52 39 97 26 1747 142
سعید انور 302 12876 194 41.00 31 68 23 1473 111
اعجاز احمد 310 12876 211 33.94 22 49 21 948 110
یونس خان 360 14205 313 38.08 27 76 38 1360 105
عمران خان 263 7516 136 35.45 7 37 14 538 100
مصباح الحق 193 6569 161* 42.38 3 44 10 546 100