پاکستانی وکٹ کیپر بتول فاطمہ کی شادی کی تیاریاں
پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی وکٹ کیپر بتول فاطمہ دستانے اتار کر ہاتھوں پر مہندی سجا رہی ہیں اور جلد ہی پیا دیس سدھار جائیں گی۔
30 سالہ بتول کراچی سے تعلق رکھتی ہیں اور 71 ایک روزہ، 25 ٹی ٹوئنٹی اور ایک ٹیسٹ میچ کے وسیع تجربے کی حامل ہیں لیکن اب وہ زندگی کی نئی اننگز کی شروعات کرنے جا رہی ہیں۔ بتول کے ہونے والے شوہر ملائیشیا میں مقیم ہیں اور وہاں کاروباری شعبے سے وابستہ ہیں جبکہ بتول کا کہنا ہے کہ یہ شادی مکمل طور پر خاندان کی رضامندی سے ہوئی ہے۔
بتول فاطمہ نے کرک نامہ کو بتایا کہ شادی کے بعد ان کے لیے دستانے پہن کر میدان میں اترنا مشکل ہوگا، البتہ وہ کوچنگ کے شعبے میں ضرور آنا چاہیں گی۔
آپ نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز مارچ 2001ء میں نیدرلینڈز کے خلاف اپنے آبائی شہر کراچی میں ہونے والے ایک روزہ مقابلے سے کیا اور آپ عالمی کپ، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، ایشیا کپ سمیت متعدد اہم ٹورنامنٹس میں پاکستان کی نمائندگی کر چکی ہیں۔