پاک-اسکاٹ لینڈ دوسرا ون ڈے بارش کی نذر

0 1,063

پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان دوسرا دو ایک روزہ مقابلہ بارش اور خراب موسم کے باعث بغیر کوئی گیند پھینکے اپنے اختتام کو پہنچا۔ یوں سیریز 1-0 سے پاکستان کے نام رہی۔

یہ میدان کچھ عرصہ قبل یہ "نظارہ" بھی پیش کر چکا ہے (تصویر: Cricket Scotland)
یہ میدان کچھ عرصہ قبل یہ "نظارہ" بھی پیش کر چکا ہے (تصویر: Cricket Scotland)

دو ون ڈے مقابلوں کی سیریز کا ایک آخری معرکہ ایڈنبرا کے گرینج کرکٹ کلب گراؤنڈ میں کھیلا جانا تھا لیکن صبح ہی سے دھند آلود موسم اور بارش نے میدان کو گھیرے رکھا۔ گزشتہ روز شہر میں موسلا دھار بارش ہوئی تھی اور آج صبح بھی وقفے وقفے سے ہلکی پھلکی بارش جاری رہی جبکہ دھند نے حالات کو کرکٹ کے لیے اور بھی ناممکن بنا دیا۔

کیونکہ یہ مقابلہ اتوار کے روز کھیلا گیا، جو اسکاٹ لینڈ میں چھٹی کا دن ہوتا ہے، اس لیے پاکستانی تماشائیوں کی خاصی تعداد بھی مقابلہ دیکھنے کے لیے موجود تھی لیکن حالات میں بہتری نہ ہونے کے باعث امپائروں کی جانب سے بارہا میدان اور پچ کے معائنے کے باوجود کھیلنے کا فیصلہ نہ ہو سکا اور بالآخر مقامی وقت کے مطابق تقریباً تین بجے مقابلے کے خاتمے کا اعلان کر دیا گیا۔

پاکستان نے اسی میدان پر جمعے کے روز ون ڈے مقابلہ کھیلا تھا جس میں اسے 96 رنز کی بہترین کامیابی حاصل ہوئی تھی۔

اب پاکستانی ٹیم دو ون ڈے میچز کھیلنے کے لیے آئرلینڈ روانہ ہوگی، جہاں 23 اور 26 مئی کو دو مقابلے ہوں گے۔ اس کے بعد پاکستان انگلستان روانہ ہوگا جہاں 6 جون سے چیمپئنز ٹرافی 2013ء کا آغاز ہو رہا ہے۔ اس اہم ٹورنامنٹ سے قبل پاکستان دو وارم اپ میچز بھی کھیلے گا۔