الوداع محمد یوسف!
ٹیسٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی بلے بازوں میں دوسرا اور ون ڈے میں تیسرا مقام، سال میں سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز کا ریکارڈ، سال میں سب سے زیادہ سنچریاں، 52.29 کا شاندار اوسط اور 24 ٹیسٹ سنچریاں اور 4 ڈبل سنچریاں، یہ ہیں محمد یوسف، جنہوں نے آج بالآخر دنیائے کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان کر دیا۔ یوسف کا کہنا ہے کہ اب ان کی توجہ کوچنگ پر ہوگی۔
1998ء میں بحیثیت یوسف یوحنا اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے اس بلے باز نے 90 ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی اور 7530 رنز کے ساتھ ملک کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے سرفہرست تین کھلاڑیوں میں شامل ہوئے۔ یوسف نے قومی کرکٹ ٹیم میں اپنا مقام مضبوط کرنے کے بعد 2005ء میں عیسائیت چھوڑ کر اسلام قبول کیا اور اس کے ساتھ ہی ان کی کارکردگی میں معجزاتی تبدیلی رونما ہوئی۔
انہوں نے 2006ء میں ایسی شاندار بلے بازی دکھائی کہ دہائیوں سے کوئی بلے باز ایسے تسلسل کے ساتھ کارکردگی پیش نہیں کر پایا تھا۔ 11ٹیسٹ میچز میں 99.33 کے اوسط انہوں نے 1788رنز بنائے اور عظیم بلے باز سر ویوین رچرڈز کا 30 سال پرانا ریکارڈ اپنے نام کیا۔ انہوں نے سال میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا نیا ریکارڈ بھی بنایا جن کی تعداد 9 تھی۔ اسی کارکردگی کی بنیاد پر آپ کو آئی سی سی ٹیسٹ پلیئر آف دی ایئر کا اعزاز بھی ملا اور وزڈن نے آپ کو سال کے بہترین کھلاڑیوں میں بھی شمار کیا۔ بعد ازاں 2011ء میں حکومت پاکستان نے تمغہ حسن کارکردگی سے بھی نوازا۔
دوسری جانب ون ڈے کرکٹ میں محمد یوسف 10 ہزار رنز اور 300 مقابلوں کے سنگ میل کے بہت قریب پہنچ کر بھی محروم رہ گئے۔ ان کے ایک روزہ رنز 9720 ہیں جبکہ مقابلے 288۔ 15 سنچریوں کے ساتھ وہ سعید انور کے بعد پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ ون ڈے سنچریاں اور 64 نصف سنچریوں کے ساتھ انضمام الحق کے بعد پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے والے بلے باز رہے۔
2009-10ء کا مایوس کن دورۂ آسٹریلیا، اس کے بعد بورڈ کے ساتھ تنازع، تاحیات پابندی اور انڈین کرکٹ لیگ میں شمولیت کے معاملے ایسے تنازعات پیدا کر گئے، جنہوں نے اس مرد درویش کے کرکٹ کیریئر کا خاتمہ کر دیا۔
38 سالہ محمد یوسف کی ریٹائرمنٹ پاکستان میں اک عہد کاخاتمہ ہے، کیونکہ ایسا خوبصورت انداز رکھنے والے بلے باز پاکستان کی تاریخ میں شاذونادر ہی ملتے ہیں۔
کرک نامہ نے محمد یوسف کی گزشتہ سالگرہ پر ان کے کیریئر کا بھرپور جائزہ پیش کیا تھا، یہ تحریر اس لنک پر ملاحظہ کیجیے۔
سال میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز
نام | ملک | سال | مقابلے | اننگز | رنز | بہترین اسکور | اوسط | سنچریاں | نصف سنچریاں | چوکے | چھکے |
---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|
محمد یوسف | 2006 | 11 | 19 | 1788 | 202 | 99.33 | 9 | 3 | 222 | 12 | |
ویوین رچرڈز | 1976 | 11 | 19 | 1710 | 291 | 90.00 | 7 | 5 | 179+ | 7 | |
گریم اسمتھ | 2008 | 15 | 25 | 1656 | 232 | 72.00 | 6 | 6 | 215 | 4 | |
سچن تنڈولکر | 2010 | 14 | 23 | 1562 | 214 | 78.10 | 7 | 5 | 181 | 10 | |
رکی پونٹنگ | 2005 | 15 | 28 | 1544 | 207 | 67.13 | 6 | 6 | 178 | 11 | |
رکی پونٹنگ | 2003 | 11 | 18 | 1503 | 257 | 100.20 | 6 | 4 | 180 | 7 | |
مائیکل وان | 2002 | 14 | 26 | 1481 | 197 | 61.70 | 6 | 2 | 186 | 11 | |
جسٹن لینگر | 2004 | 14 | 27 | 1481 | 215 | 54.85 | 5 | 4 | 172 | 10 | |
وریندر سہواگ | 2008 | 14 | 27 | 1462 | 319 | 56.23 | 3 | 6 | 181 | 22 | |
وریندر سہواگ | 2010 | 14 | 25 | 1422 | 173 | 61.82 | 5 | 8 | 215 | 10 |