پاک-آئرلینڈ مقابلے یوٹیوب پر براہ راست نشر ہوں گے

7 1,063

اسکاٹ لینڈ کے خلاف پاکستان کے دونوں ایک روزہ بین الاقوامی مقابلے براہ راست نشر نہیں ہوئے جس کی وجہ سے وہ پاکستانی شائقین سخت مایوس ہوئے جو دو ماہ تک بین الاقوامی کرکٹ سے دور رہنے کے بعد پاکستانی ٹیم کو ایک مرتبہ پھر ایکشن میں دیکھنا چاہتے تھے۔ کچھ ایسی ہی صورتحال کا سامنا رواں ہفتے آئرلینڈ میں ہونے والے مقابلوں کے بارے میں بھی تھا لیکن کرکٹ آئرلینڈ اور یوٹیوب کے اشتراک سے مایوسی کے بادل چھٹ گئے ہیں۔

پاکستان نے 2011ء میں آئرلینڈ میں دونوں  ون ڈے میچز جیتے تھے (تصویر: AFP)
پاکستان نے 2011ء میں آئرلینڈ میں دونوں ون ڈے میچز جیتے تھے (تصویر: AFP)

کرکٹ آئرلینڈ کے مطابق وہ کوئپو ٹی وی کی جانب سے دونوں میچز کی پروڈکشن کے ساتھ اپنے یوٹیوب چینل پر دنیا بھر میں میچز کو براہ راست اسٹریم کرے گا۔ یعنی کلونٹارف، ڈبلن میں ہونے والے مقابلوں کی ایک، ایک گیند دنیا بھر میں دیکھی جا سکے گی۔

اسٹریم www.youtube.com/cricketirelandtv پر نشر ہوگی جبکہ اسے کرکٹ آئرلینڈ کی آفیشل ویب سائٹ www.cricketireland.ie پر بھی دیکھا جا سکے گا۔

کرکٹ آئرلینڈ کے چیف ایگزیکٹو ویرن ڈیوٹروم نے کہا کہ "یہ دونوں ممالک کے ان شائقین کےلیے زبردست خبر ہے جو میدان میں میچ نہیں دیکھ پائیں گے۔ ہم آئی سی سی ڈیولپمنٹ پروگرام کےشکرگزار ہیں جنہوں نے اس منصوبے کو ممکن بنایا اور ساتھ میں کوریج کی فراہمی پر کوئپو ٹی وی کے بھی مشکور ہیں۔"

پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان دو ون ڈے میچز کی سیریز کا پہلا مقابلہ 23 مئی کو ڈبلن میں ہوگا جبکہ کلونٹارف کے اسی میدان پر دونوں ٹیمیں 26 مئی کو دوسرا مقابلہ کھیلیں گی۔