شارجہ سکسز: شاہد آفریدی سمیت تمام کھلاڑیوں کو اجازت نامہ جاری

0 1,276

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی جانب سے اجازت دیے جانے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈنے شارجہ سکسز کے لیے پاکستان کے تمام کھلاڑیوں کو اجازت نامے جاری کر دیے ہیں۔

شارجہ سکسز میں شاہد آفریدی اور احمد شہزاد بھی کھیل رہے ہیں (تصویر: Getty Images)
شارجہ سکسز میں شاہد آفریدی اور احمد شہزاد بھی کھیل رہے ہیں (تصویر: Getty Images)

پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ روز ان تمام کھلاڑیوں کو این او سی جاری کرنے سے انکار کر دیا تھا، جو اس نجی ٹورنامنٹ میں شریک ہیں۔ پی سی بی کا کہنا ہے کیونکہ اس ٹورنامنٹ کے اماراتی کرکٹ بورڈ اور یوں آئی سی سی سے منظورشدہ ہونے کے بارے میں اسے نہیں معلوم اس لیے وہ کھلاڑیوں کو کھیلنے کی اجازت نہیں دے سکتا۔ حیران کن بات یہ ہے کہ پی سی بی کی جانب سے یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب شاہد آفریدی اور احمد شہزاد ایک میچ بھی کھیل چکے تھے۔

20 مئی سے شروع ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں شاہد آفریدی، عمر اکمل، حماد اعظم، رانا نوید الحسن، حارث سہیل اور دیگر پاکستانی کھلاڑی شرکت کر رہےہیں۔

اگر آئی سی سی کی جانب سے ٹورنامنٹ کے حوالے سے ہری جھنڈی نہ دکھائی جاتی تو ہو سکتا تھا کہ شاہد آفریدی انضباطی کارروائی کی زد میں آ جاتے کیونکہ وہ بغیر این او سی کے ایک مقابلہ بھی کھیل چکے تھے۔ کرک نامہ کو معلوم ہوا ہے کہ شاہد آفریدی نے دبئی لائنز کی جانب سے عجمان کرکٹ ٹورنامنٹ میں حصہ لیا اور 38 رنز بھی بنائے۔

شارجہ سکسز یکم جون تک جاری رہے گا، جس میں میزبان سمیت پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، سعودی عرب اور افغانستان کی 48 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں ۔