آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ نقطہ عروج پر، چنئی سپر کنگز کا مالک گرفتار

2 1,035

بھارت میں اسپاٹ فکسنگ کا تنازع مختلف مدارج طے کرتے ہوئے بالآخر اپنے نقطہ عروج پر پہنچ گیا ہے اور اب یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ اس اسکینڈل میں صرف چند چھوٹے موٹے کھلاڑی قربانی کے بکرے نہیں بنیں گے، بلکہ کچھ مگرمچھ بھی پکڑے جائیں گے۔ ممبئی کی پولیس نے جمعے کو رات گئے چنئی سپر کنگز کے اعلیٰ عہدیدار اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سربراہ این شری نواسن کوکے داماد گروناتھ مے یپن کو گرفتار کر لیا ہےاور ان سے سٹے بازی کے حوالے سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

گروناتھ کی گرفتاری کے ساتھ شری نواسن اور چنئی سپر کنگز کا مستقبل تاریک ہو چکا ہے (تصویر: IPL)
گروناتھ کی گرفتاری کے ساتھ شری نواسن اور چنئی سپر کنگز کا مستقبل تاریک ہو چکا ہے (تصویر: IPL)

یوں نہ صرف یہ کہ شری نواسن کے پاس بورڈ کی سربراہی رکھنے کا کوئی اخلاقی جواز باقی نہیں بچا بلکہ خود دو مرتبہ کی آئی پی ایل فاتح چنئی کا مستقبل تاریک ہو چکا ہے۔ مختلف حلقوں کی جانب سے شری نواسن پر بورڈ کا عہدہ چھوڑنے کے حوالے سے جو دباؤپڑ چکا ہے، اس کو برداشت کرنا اب بہت مشکل نظر آ رہا ہے۔

بہرحال، ممبئی پولیس کے کہنا ہے کہ انہوں نے دستیاب معلومات کی بنیادپر 35 سالہ گروناتھ سے تحقیقات کی، جس میں انہیں آئی پی ایل سٹے بازی مقدمے میں شامل پایا اور گرفتار کر لیا گیا۔

اس قضیے میں گروناتھ کا نام پہلی بار اس وقت منظر عام پر آیا جب گزشتہ ہفتے سٹے بازوں سے مبینہ تعلقات کی بنیاد پر اداکار وریندر دارا سنگھ سے تفتیش کی گئی تھی۔ پولیس تحقیقات کے مطابق وریندر اور گروناتھ کے درمیان مستقل ٹیلی فون رابطہ رہا ہے جبکہ وریندر آئی پی ایل کےمیچز کے دوران چنئی کے ڈریسنگ روم تک میں نظر آیا ہے۔

واضح رہے کہ معاملہ اب صرف انڈین پریمیئر لیگ کا نہیں رہابلکہ بھارت کی قومی کرکٹ ٹیم تک پہنچ چکا ہے، کیونکہ ٹیم اسپانسر سہارا نے یہ دھمکی دی ہے کہ اگر شری نواسن بورڈ کے سربراہ کے عہدے پر برقرار رہے تو وہ بھارتی ٹیم کی اسپانسرشپ سے ہاتھ اٹھا لے گا۔

حیران کن بات یہ ہے کہ گروناتھ ہر جگہ چنئی سپر کنگزکی نمائندگی کرتے رہے ہیں حتیٰ کھلاڑیوں کی نیلامی جیسے اہم معاملات میں بھی شریک رہے ہیں، لیکن آج فرنچائز کے مالک ادارے انڈیا سیمنٹ نے انہیں دودھ میں سے مکھی کی طرح نکال باہر کیا اور کہا کہ وہ چنئی سپر کنگز کے مالک نہیں ہیں اور نہ ہی سی ای او۔ لیکن اب جبکہ ان کی باضابطہ گرفتاری عمل میں آ چکی ہے تو یہ بات تو طے شدہ ہے کہ شری نواسن تو گئے، کیونکہ وہ نہ صرف گروناتھ کے سسر ہیں بلکہ انڈيا سیمنٹ کے سربراہ بھی ہیں، لیکن چنئی فرنچائز کا معاملہ ڈانواں ڈول ہو چکا ہے۔ کہنے کو تو وہ مسلسل چوتھی اور مجموعی طور پر پانچویں مرتبہ آئی پی ایل کے فائنل میں پہنچ گیا ہے، لیکن ضروری نہیں کہ وہ فائنل کھیل بھی پائے کیونکہ الزامات ثابت ہونے پر آئی پی ایل کےانسداد بدعنوانی قوانین کے تحت چنئی کا فرنچائز معاہدہ معطل بھی ہو سکتا ہے۔ اگر وہ فائنل میں کھیلی بھی تو اس صورتحال میں اس کے لیے ٹائٹل جیتنا کتنا مشکل ہوگا، اس کا اندازہ 26 مئی کو ایڈن گارڈز، کولکتہ میں ہوگا۔