اعتماد کے ووٹ کی ضرورت نہیں، بورڈ کا آئینی سربراہ ہوں: ذکا اشرف

0 1,100

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف نے کہا ہے کہ آئرلینڈ کی جانب سے دورۂ پاکستان کی خواہش ظاہر کرنا ایک خوش آئند امر ہے اور وہ اس حوالے سے کرکٹ آئرلینڈ کے سربراہ سے جلد گفتگو کریں گے۔

ذکا اشرف نے آئرلینڈ کی جانب سے دورۂ پاکستان کی خواہش کو خوش آئند قرار دیا (تصویر: AP)
ذکا اشرف نے آئرلینڈ کی جانب سے دورۂ پاکستان کی خواہش کو خوش آئند قرار دیا (تصویر: AP)

پی سی بی کی جنرل کونسل کے اجلاس کے لیے کراچی آمد کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ذکا اشرف نے کہا کہ اس حوالے سے وہ چیمپئنز ٹرافی کے دوران آئرش کرکٹ کے حکام سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ اس موقع پر بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے عہدیداران سے بھی بات چیت ہوگی۔

پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان حالیہ سیریز بہترین ماحول میں کھیلی گئی اور کرکٹ آئرلینڈ کے علاوہ خود آئرش کھلاڑی بھی پاکستان کے دورۂ آئرلینڈ پر مسرور تھے اور اسی دوران کرکٹ آئرلینڈ کے سربراہ کی جانب سے یہ بیان آنا کہ سیکورٹی حالات کو بہتر پانے پر وہ پاکستان کا دورہ کر سکتے ہیں، ایک بہت بڑی پیشرفت ہے۔

کراچی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ذکا اشرف نے مزید کہا کہ بدھ کو پی سی بی کے جنرل کونسل اجلاس میں انتظامی معاملات کا جائزہ لیا جائے گا اور ان خبروں میں کوئی حقیقت نہیں کہ ریجنز کے ناراض عہدیداران کو منانے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی کا آئین منظور ہو چکا ہے، جسے آئی سی سی نے بھی تسلیم کیا ہے، اس لیے مجھے اعتماد کے ووٹ کی کوئی ضرورت نہیں۔

بھارتی پریمیئر لیگ میں اسپاٹ فکسنگ تنازع میں پاکستانی امپائر اسد رؤف کا نام آنے کے حوالے سے ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ پہلے بھی جو امپائر غلط کاموں میں ملوث تھے ان کے خلاف پی سی بی نے ایکشن لیا تھا اور اگر اب بھی آئی سی سی کہے گا تو اسد رؤف کے خلاف کارروائی کی جائے گی لیکن کیونکہ وہ آئی سی سی کے امپائر ہیں اس لیے پاکستان ازخود کارروائی نہیں کرے گا۔

ذکا اشرف کے اس بیان سے ظاہر ہوتاہے کہ ماضی میں ندیم غوری اور انیس صدیقی کے خلاف کارروائی آئی سی سی ہی کے کہنے پر کی گئی ہوگی، جس کے بارے میں پی سی بی کا دعویٰ تھا کہ اس نے خود تحقیقات کرنے کے بعد مذکورہ دونوں امپائروں پر پابندی لگائی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جنرل کونسل کا اجلاس 29 مئی بروز بدھ کراچی میں منعقد ہوگا اور اگر افواہوں کو درست مان لیا جائے تو ہو سکتا ہےکہ ذکا اشرف کی زیر سربراہی آخری اجلاس ہو، کیونکہ نئی حکومت میں نئے سیٹ اپ کی توقع ہے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکنہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز پی سی بی کے نئے چیئرمین ہوں گے۔