چیمپئنز ٹرافی ڈیڑھ ارب افراد دیکھ سکیں گے

0 1,047

اب جبکہ دنیائے کرکٹ کی آٹھ بہترین ٹیموں کے درمیان مقابلوں کے آغاز کو ایک ہفتے سے بھی کم وقت رہ گیا ہے، بین الاقوامی کرکٹ کونسل اور اس کے نشریاتی رفیق اسٹار اسپورٹس ان مقابلوں کو 180 ممالک میں نشر کرنے کو یقینی بنانے کے لیے حتمی اقدامات اٹھا رہے ہیں جس کا مطلب ہے کہ یہ ٹورنامنٹ 1.5 ارب افراد دیکھ سکیں گے۔

چیمپئنز ٹرافی کے وارم اپ مقابلوں کا آغاز آج یعنی 30 مئی سے جبکہ باضابطہ مقابلوں کا آغاز 6 جون سے ہو رہا ہے (تصویر: ICC)
چیمپئنز ٹرافی کے وارم اپ مقابلوں کا آغاز آج یعنی 30 مئی سے جبکہ باضابطہ مقابلوں کا آغاز 6 جون سے ہو رہا ہے (تصویر: ICC)

پاکستان میں یہ مقابلے سرکاری ٹیلی وژن چینل 'پی ٹی وی' پر دکھائے جائیں گے جبکہ اسٹار اسپورٹس، فوکس اسپورٹس، سپر اسپورٹ اور ای ایس پی این بھی ان مقابلوں کو براہ راست نشر کریں گے۔

آئی سی سی کی جانب سے بھیجے گئے ایک اعلامیے کے مطابق اسٹار اسپورٹس ایک مرتبہ پھر ہائی ڈیفی نیشن (ایچ ڈی) نشریات کے لیے تیار ہے، جس میں 29 کیمرے استعمال کیے جائیں گے۔ ان میں اسپائیڈرکیم، ہاک آئی، ہاٹ اسپاٹ اور الٹرا موشن کیمرے شامل ہیں۔

علاوہ ازیں یہ کسی بھی آئی سی سی ایونٹ میں پہلا موقع ہوگا کہ نشریات ڈولبی 5.1 سراؤنڈ ساؤنڈ میں پیش کی جائے۔ منتظمین نے دنیا کے بہترین تبصرہ کاروں (کمنٹیٹرز) کو بھی انگلستان میں اکٹھا کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ جن میں پاکستان سے رمیز راجہ اور وسیم اکرم کے علاوہ مائیکل ایتھرٹن، مائیکل ہولڈنگ، ناصر حسین، شین وارن، ڈیوڈ لائیڈ، پومی ایم بانگوا، رسل آرنلڈ، سنجےمانجریکر، سائمن ڈول، سارو گانگلی، سنیل گاوسکر، ٹام موڈی، ایلن ولکنز اور ہرشا بھوگلے شامل ہیں۔ اور کیا چاہیے آپ کو؟

آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی کے موقع پر اپنی نئی ویب سائٹ کا بھی افتتاح کیا ہے۔ آپ www.icc-cricket.com پر جاتے ہیں تو فی الوقت وہ آپ کو چیمپئنز ٹرافی کے لیے مخصوص صفحے پر لے جاتی ہے۔ ٹورنامنٹ کے لیے ٹوئٹر پر #ct13 کا ہیش ٹیگ تیار کیا گیا ہے جسے استعمال کر کے ٹوئٹر صارفین اپنی ٹوئٹس کر سکتے ہیں۔