کوارٹر فائنلز کے لیے امپائروں کے ناموں کا اعلان

0 1,015

بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے عالمی کپ 2011ء کے کوارٹر فائنل مرحلے کے لیے امپائروں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے جس میں ٹورنامنٹ میں انتہائی ناقص امپائرنگ کا مظاہرہ کرنے والے سری لنکن امپائر اشوکا ڈی سلوا کا نام شامل نہیں ہے۔ بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے امپائروں کے ایلیٹ پینل کے رکن ڈی سلوا کا اب مستقبل تاریک دکھائی دیتا ہے۔ آئی سی سی نے انہیں کوارٹر فائنل مرحلے کے کسی میچ کا چوتھا امپائر بھی نہیں بنایا ۔ وہ ایلیٹ پینل کے واحد رکن ہیں جنہیں ناک آؤٹ مرحلے کے کسی میچ سے نہیں نوازا گیا۔

اشوکا ڈی سلوا، ایلیٹ پینل کے واحد رکن جنہیں کوارٹر فائنل مرحلے کا کوئی میچ نہیں دیا گیا

بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے اپنے انٹرنیشنل پینل کے پانچ امپائروں کو بھی کوارٹر فائنل کے لیے مختلف کردار عطا کیے ہیں جن میں رچرڈ کیٹل بورو اور کمار دھرماسینا کے لیے تھرڈ امپائرنگ کی ذمہ داریاں شامل ہیں۔ ایلیٹ پینل کے ایک اور رکن پاکستان کے اسد رؤف کو کسی میچ میں آن فیلڈ امپائر مقرر نہیں کیا گیا البتہ وہ آسٹریلیا-بھارت میچ کے چوتھے یعنی بیک اپ امپائر ہوں گے۔

آئی سی سی کا یہ فیصلہ اشوکا ڈی سلوا کے مستقبل کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا جو پورے ٹورنامنٹ میں اپنے ناقص فیصلوں کے باعث تنقید کا نشانہ بنے رہے۔ ویسٹ انڈیز -آئرلینڈ میچ میں آئرش بلے باز گیری ولسن کو ایل بی ڈبلیو دینے کے ان کے فیصلے نے میچ کا پانسہ ہی پلٹ دیا۔ پاکستان –کینیڈا میچ میں بھی انہوں نے کئی ناقص فیصلے کیے جس کی وجہ سے پاکستان کو کئی مرتبہ فیصلوں کو چیلنج کرنا پڑا اور تیسرے امپائر سے اپنے حق میں فیصلے لینا پڑے۔

ڈی سلوا کو اس ناقص کارکردگی پر ویسٹ انڈیز کے بھارت اور انگلستان کے خلاف آخری دو میچز کی ذمہ داری سے ہٹا دیا گیا۔
کوارٹر فائنل کے لیے اعلان کردہ امپائرز کا پینل یہ ہوگا

پہلا کوارٹر فائنل
پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز
23 مارچ، شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم، میرپور، ڈھاکہ
آن فیلڈ امپائرز : بلی باؤڈن اور اسٹیو ڈیوس
تیسرے امپائر: ڈیرل ہارپر
چوتھے امپائر: بروس آکسنفرڈ
میچ ریفری: کرس براڈ

دوسرا کوارٹر فائنل
بھارت بمقابلہ آسٹریلیا
24 مارچ، سردار پٹیل اسٹیڈیم، احمد آباد
آن فیلڈ امپائرز: ماریس ارسمس اور این گولڈ
تیسرے امپائر: رچرڈ کیٹل بورو
چوتھے امپائر: اسد رؤف
میچ ریفری: رنجن مدوگالے

تیسرا کوارٹر فائنل
جنوبی افریقہ بمقابلہ نیوزی لینڈ
25 مارچ، شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم، میرپور، ڈھاکہ
آن فیلڈ امپائرز: علیم ڈار اور روڈ ٹکر
تیسرے امپائر: کمار دھرماسینا
چوتھے امپائر: نائجل لونگ
میچ ریفری: روشن ماہنامہ

چوتھا کوارٹر فائنل
سری لنکا بمقابلہ انگلستان
26 مارچ، راناسنگھے پریماداسا اسٹیڈیم، کولمبو
آن فیلڈ امپائرز: بلی ڈاکٹروو اور سائمن ٹوفل
تیسرے امپائر: ٹونی ہل
چوتھے امپائر: شاویر تاراپورے
میچ ریفری: جیف کرو