دل شکستہ سری لنکا نے سہ فریقی ٹورنامنٹ کے لیے ٹیم کا اعلان کر دیا

0 1,062

سری لنکا کے لیے چیمپئنز ٹرافی کا اختتام بہت مایوس کن رہا۔ پورے ٹورنامنٹ میں زبردست جدوجہد اور اہم مقابلوں میں فتوحات کے بعد وہ سیمی فائنل میں جس بری طرح شکست سے دوچار ہوا، اس نے تلکارتنے دلشان کے زخمی ہونے کے معاملے کو ثانوی حیثیت دے دی ہے۔ بہرحال، دل پر پتھر رکھتے ہوئے سری لنکا نے ویسٹ انڈیز میں سہ فریقی ٹورنامنٹ کے اپنے دستے کا اعلان کر دیا ہے جس میں دلشان شامل نہیں ہیں۔

دلشان پنڈلی کی انجری کے باعث چھ ہفتے کے لیے کرکٹ سے باہر ہو چکے ہیں (تصویر: ICC)
دلشان پنڈلی کی انجری کے باعث چھ ہفتے کے لیے کرکٹ سے باہر ہو چکے ہیں (تصویر: ICC)

بھارت کے خلاف چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں پنڈلی کی تکلیف کا شکار ہونے والے دلشان کی جگہ اوپل تھارنگا کو جگہ دی گئی ہے۔ ان کے علاوہ سری لنکا نے تھیسارا پیریرا کی جگہ اجنتھا مینڈس کو بھی طلب کیا ہے۔ پیریرا کا اخراج بہت حیران کن امر ہے کیونکہ بظاہر اس کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی اور اعلان کردہ ٹیم میں دلہارا لوکوہتیگے کی بدستور موجودگی اس حیرانگی میں مزید اضافہ کرتی ہے۔ ویسے مینڈس کی واپسی بھی کم حیران کن نہیں ہے کیونکہ ٹیم کے ساتھ پہلے ہی تین اسپنر رنگانا ہیراتھ، جیون مینڈس اور سچیترا سینانائیکے موجود ہیں، اب چوتھا اسپنر بھی آن موجود ہوا، یعنی کہ مقابلے ویسٹ انڈیز میں نہیں سری لنکا میں ہونے ہیں۔

سری لنکا اور میزبان ویسٹ انڈیز کے علاوہ سہ فریقی سیلکون کپ میں تیسری ٹیم عالمی چیمپئن بھارت کی ہوگی۔ ٹورنامنٹ 28 جون سے شروع ہوگا اور 11 جون کو پورٹ آف اسپین، ٹرینیڈاڈ میں فائنل تک جاری رہے گا۔

اعلان کردہ سری لنکن دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا:

اینجلو میتھیوز (کپتان)، اجنتھا مینڈس، اوپل تھارنگا، جیون مینڈس، دلہارا لوکوہتیگے، دنیش چندیمال، سچیترا سینانائیکے، شامنڈا ایرنگا، کمار سنگاکارا، کوشال پیریرا، لاستھ مالنگا، لاہیرو تھریمانے، مہیلا جے وردھنے اور نووان کولاسیکرا۔