پاکستان کے لیے نیا امتحان، جنوبی افریقہ کے خلاف مکمل سیریز طے ہو گئی
پاکستان گزشتہ کچھ عرصے سے کرکٹ کے سخت مشکل دور سے گزر رہا ہے۔ انتظامی مسائل ایک جانب لیکن ٹیم کی پے در پے شکستوں نے پاکستان کرکٹ کی کمر دوہری کردی ہے۔ مسائل کے انہی ایام میں پاکستان کے لیے ایک نئے امتحان کا پرچہ بھی آج تیار ہو گیا یعنی کہ عالمی نمبر ایک جنوبی افریقہ کا سامنا۔
جنوبی افریقہ نے آج رواں سال اکتوبر اور نومبر میں پاکستان کے خلاف ایک مکمل سیریز کھیلنے کی تصدیق کی ہے، جس کے مطابق دونوں ٹیمیں متحدہ عرب امارات میں دو ٹیسٹ، پانچ ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلیں گی۔
عرب امارات میں دونوں ٹیمیں آخری بار 2010ء میں مدمقابل آئی تھیں جہاں پاکستان دونوں ٹیسٹ میچز کو برابر کر کے سیریز تو بچانے میں کامیاب ہو گیا لیکن محدود اوورز کے مرحلے میں اسے شکست کھانا پڑی جبکہ دونوں ٹیموں کا مکمل سیریز میں حالیہ ٹکراؤ رواں سال فروری میں ہوا جب پاکستان نے جنوبی افریقہ کا دورہ کیا۔ یہاں پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں تین-صفر کی ہزیمت سے دوچار ہونا پڑا جبکہ ون ڈے سیریز حتمی مقابلے میں پاکستان کی شکست کے ساتھ تین-دو سے جنوبی افریقہ کے حق میں رہی۔ پاکستان کے لیے اس دورے کا واحد مثبت نتیجہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ایک-صفر کی فتح رہی، جہاں پہلا مقابلہ بارش کی نذر ہو گیاتھا جبکہ کھیلے گئے واحد مقابلے میں پاکستان نے فتح حاصل کی۔
بہرحال، سری لنکا کے خلاف رواں ماہ شروع ہونے والی سیریز میں سے ٹیسٹ میچز خارج کردیے جانے کے بعد جنوبی افریقہ نے پاکستان کے خلاف سیریز میں دو ٹیسٹ میچز پر رضامندی ظاہر کی ہے جو 14 اکتوبر سے ابوظہبی میں کھیلا جائے گا جبکہ سیریز کا دوسرا و آخری ٹیسٹ مقابلہ 23 اکتوبر سے دبئی میں ہوگا۔
ٹیسٹ میچز کا یہ مختصر مرحلہ اختتام کو پہنچنے کے بعد پاکستان 30 اکتوبر کو ایک روزہ سیریز کے پہلے مقابلے میں پروٹیز کا سامنا کرے گا۔ یہ مرحلہ 11 نومبر کو شارجہ میں آخری ون ڈے تک جاری رہے گا۔ایک روزہ مرحلے کو دو مقابلے شارجہ کے تاریخی میدان میں ہوں گے جبکہ دو ابوظہبی میں اور ایک دبئی میں کھیلا جائے گا۔ دبئی ہی دونوں ٹی ٹوئنٹی میچز کی میزبانی بھی کرے گا جو13 اور 15 نومبر کو ہوں گے۔
یوں پاکستان کے لیے سال کے ابتدائی چھ ماہ میں ناکامیوں کے بعد آگے مزید امتحانات پڑے ہیں۔ ابھی اسے ویسٹ انڈیز کے خلاف مختصر اوورز کی سیریز کھیلنی ہے جبکہ بھارت کے خلاف ایک سیریز بھی زیر تجویز ہے، بہرحال اسے ابھی حتمی شکل نہیں ملی۔ اس کے علاوہ دورۂ زمبابوے اور پھر متحدہ عرب امارات میں جنوبی افریقہ کی میزبانی ٹیم کے لیے آنے والے کڑے وقت کو ظاہر کرتی ہے۔ دیکھتے ہیں، اس مرتبہ گرین شرٹس سرخرو ہوتے ہیں یا نہیں۔
پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ 2013ء
بمقام: متحدہ عرب امارات
تاریخ | بمقام | ||||
---|---|---|---|---|---|
14 تا 18 اکتوبر | پاکستان | بمقابلہ | جنوبی افریقہ | پہلا ٹیسٹ | ابوظہبی |
23 تا 27 اکتوبر | پاکستان | بمقابلہ | جنوبی افریقہ | دوسرا ٹیسٹ | دبئی |
30 اکتوبر | پاکستان | بمقابلہ | جنوبی افریقہ | پہلا ایک روزہ | شارجہ |
یکم نومبر | پاکستان | بمقابلہ | جنوبی افریقہ | دوسرا ایک روزہ | دبئی |
6 نومبر | پاکستان | بمقابلہ | جنوبی افریقہ | تیسرا ایک روزہ | ابوظہبی |
8 نومبر | پاکستان | بمقابلہ | جنوبی افریقہ | چوتھا ایک روزہ | ابوظہبی |
11 نومبر | پاکستان | بمقابلہ | جنوبی افریقہ | پانچواں ایک روزہ | شارجہ |
13 نومبر | پاکستان | بمقابلہ | جنوبی افریقہ | پہلا ٹی ٹوئنٹی | دبئی |
15 نومبر | پاکستان | بمقابلہ | جنوبی افریقہ | دوسرا ٹی ٹوئنٹی | دبئی |