ایک روزہ درجہ بندی میں سالانہ اپڈیٹ، بھارت بدستور نمبر ایک

0 1,034

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی جانب سے ایک روزہ کی عالمی درجہ بندی کی سالانہ اپڈیٹ جاری کردی گئی ہے جس کے مطابق بھارت بدستور نمبر ایک ہے جبکہ آسٹریلیا ایک درجہ ترقی پا کر دوسری پوزیشن پر آ گیا ہے۔

ٹیم میں سب سے زیادہ یعنی پانچ کھلاڑی فاتح بھارتی دستے کے ہیں (تصویر: ICC)
ٹیم میں سب سے زیادہ یعنی پانچ کھلاڑی فاتح بھارتی دستے کے ہیں (تصویر: ICC)

آئی سی سی کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ اپڈیٹ ویسٹ انڈیز میں مکمل ہونے والے حالیہ سہ فریقی ٹورنامنٹ کے بعد جاری کی گئی ہے جس کے فائنل میں بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو 1 وکٹ سے شکست دی۔

بھارت فروری 2013ء سے اس پوزیشن پر قابض ہے، جب اس نے انگلستان کو اپنے گھریلو میدانوں پر تین-دو سے ہرایا تھا۔

گزشتہ ماہ یعنی جون میں ہونے والے آئی سی سی بورڈ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ ایک روزہ کی درجہ بندی تین کے بجائے چار سالوں کے مقابلوں پر محیط ہونی چاہیے تاکہ دو ورلڈ کپ ٹورنامنٹس کے درمیانی عرصے کا احاطہ کیا جا سکے۔ اس کی خاص وجہ یہ تھی کہ ورلڈ کپ 2019ء میں دس ٹیمیں شرکت کریں گی اور عالمی درجہ بندی کی سرفہرست 8 ٹیمیں ہی براہ راست ٹورنامنٹ میں جگہ پائیں گی۔ باقی ٹیموں کو کوالیفائرز کھیلنا پڑیں گے۔

تازہ ترین درجہ بندی یکم اگست 2010ء کے بعد کے تمام میچز کو اپنے اندر سموئے ہوئے ہے۔ مئی 2014ء تک کھیلے جانے والے تمام ایک روزہ اس درجہ بندی میں شامل ہوں گے۔

پاکستان کو اس درجہ بندی سے کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوا اور وہ بدستور چھٹے نمبر پر ہے بلکہ اسے تو ایک پوائنٹ کا نقصان بھی ہوا ہے۔ 102 سے کم ہو کر اب اس کے پوائنٹس 101 رہ گئے ہیں ۔

ایک روزہ کرکٹ کی مکمل اجتماعی و انفرادی درجہ بندی کرک نامہ کے اس خصوصی صفحے پر ملاحظہ کیجیے۔