[ریکارڈز] شاہد آفریدی 350 وکٹیں لینے والے تیسرے پاکستانی باؤلر
پاکستان کے شاہد آفریدی 350 ایک روزہ وکٹیں حاصل کر کے ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کے 8 ویں باؤلر بن چکے ہیں جنہیں اس سنگ میل کو عبور کرنے کا موقع ملا۔
شاہد کافی عرصے سے باؤلنگ کے شعبے میں جدوجہد کرتے دکھائی دے رہے تھے۔ 2011ء میں وکٹوں کے انبار لگا دینے کے بعد ان کی توپ کے گولے ایسے خاموش ہوئے کہ گزشتہ ڈیڑھ سال میں انہیں صرف 5 وکٹیں ملیں اور گزشتہ کئی ماہ میں تو ایک بھی نہیں۔ بلّے نے بھی چپ کا روزہ رکھا ہوا تھا، یہی وجہ ہے کہ ٹیم میں ان کی آوت جاوت کا سلسلہ جاری رہا۔
لیکن اب جبکہ چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی بدترین کارکردگی کے بعد انہیں واپس بلایا گیا تو انہوں نے پہلے ہی ون ڈے میں نہ صرف قیمتی نصف سنچری اسکور کی بلکہ بعد ازاں مسلسل دو گیندوں پر ویسٹ انڈیز کے دو کھلاڑی آؤٹ کر کے ویسٹ انڈیز پر کاری ضرب بھی لگائی۔ یوں انہوں نے اپنی 350 ایک روزہ وکٹیں بھی مکمل کیں۔ شاہد آفریدی سے قبل وسیم اکرم اور وقار یونس ہی ایسے گیندباز ہیں جنہوں نے اس سے آگے کا سفر کیا ہے۔
وسیم اکرم 502 وکٹوں کے ساتھ اب بھی پاکستان کی جانب سے ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلر ہیں جبکہ وقار یونس کی وکٹوں کی تعداد 416 ہے۔
شاہد آفریدی نے اس میچ سے قبل 354 میچز میں 34.30 کے اوسط سے 348 وکٹیں حاصل کر رکھی تھیں۔ ان کا فی اوور رنز دینے کا اوسط 4.62 تھا جبکہ بہترین باؤلنگ 38 رنز دے کر 6 وکٹیں۔
ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز سری لنکا کے متیاہ مرلی دھرن کے پاس ہے جنہوں نے 534 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں جبکہ اس کے فوراً بعد پاکستان کے "دونوں ڈبلیوز" کا نام آتا ہے۔ قارئین کی دلچسپی کے لیے مکمل فہرست ذیل میں پیش کی جا رہی ہے:
ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے گیندباز
باؤلر | ملک | مقابلے | وکٹیں | بہترین باؤلنگ | اوسط | اکانمی ریٹ | 5 وکٹیں |
---|---|---|---|---|---|---|---|
مرلی دھرن | سری لنکا | 350 | 534 | 7/30 | 23.08 | 3.93 | 10 مرتبہ |
وسیم اکرم | پاکستان | 356 | 502 | 5/15 | 23.52 | 3.89 | 6 مرتبہ |
وقار یونس | پاکستان | 262 | 416 | 7/36 | 23.84 | 4.68 | 13 مرتبہ |
چمندا واس | سری لنکا | 322 | 400 | 8/19 | 27.53 | 4.18 | 4 مرتبہ |
شان پولاک | جنوبی افریقہ | 303 | 393 | 6/35 | 24.50 | 3.67 | 5 مرتبہ |
گلین میک گرا | آسٹریلیا | 250 | 381 | 7/15 | 22.02 | 3.88 | 7 مرتبہ |
بریٹ لی | آسٹریلیا | 221 | 380 | 5/22 | 23.36 | 4.75 | 9 مرتبہ |
شاہد آفریدی | پاکستان | 355 | 351 | 6/38 | 34.02 | 4.61 | 9 مرتبہ |