معین خان چیف سلیکٹر مقرر

10 1,094

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان معین خان کو چیف سلیکٹر مقرر کر دیا ہے ۔ وہ اقبال قاسم کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے جنہوں نے حال ہی میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے۔ اقبال قاسم کے استعفے کے بعد سلیکشن کمیٹی کو عضو معطل بن گئی تھی لیکن معین خان کی تقرری کے ساتھ اب اسی کمیٹی کے تمام اراکین بحال ہوگئے ہیں ، جن میں اظہر خان، سلیم جعفر، آصف بلوچ اور فرخ زمان شامل ہیں۔

معین خان کی تقرری قائم مقام چیئرمین نجم سیٹھی کی منظوری سے ہوئی ہے (تصویر: Getty Images)
معین خان کی تقرری قائم مقام چیئرمین نجم سیٹھی کی منظوری سے ہوئی ہے (تصویر: Getty Images)

معین خان کی تقرری کا فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے قائم مقام چیئرمین نجم سیٹھی نے کیا ہے حالانکہ وہ پی سی بی کے آئین اور عدالت کے ایک حالیہ فیصلے کے مطابق ایسا کرنے کا اختیار نہیں رکھتے۔ حال ہی میں سندھ کی عدالت عالیہ کی جانب سے کیے گئے ایک فیصلے کے مطابق انہیں 90 دنوں میں بورڈ کے انتخابات کرانے ہیں اور وہ سوائے اجلاس طلب کرنے کے کوئی اہم فیصلہ نہیں کر سکتے۔ لیکن اس فیصلے کے محض چند دنوں بعد ان کی جانب سے چیف سلیکٹر کی تقرری کا یہ اہم فیصلہ سامنے آیا ہے۔

گو کہ معین خان اپنی تقرری پر بہت خوش دکھائی دیتے ہیں، اور ممکنہ طور پر کراچی سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کی اکثریت بھی اس فیصلے سے بہت خوش ہوگی، لیکن ایک عبوری سربراہ کی جانب سے تقرری کے باعث معین پر ہمیشہ معطلی کی تلوار لٹکتی رہے گی۔ البتہ بحیثیت مجموعی ماہرین اور شائقین کرکٹ میں معین خان کی تقرری کے فیصلے کو سراہا گیا ہے، اس کی وجہ پاکستان کرکٹ سے ان کی وابستگی اور کھیل کے جدید انداز سے واقفیت ہے، جو بلاشبہ پاکستان کرکٹ کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی۔

معین خان ماضی قریب میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کا جزو لاینفک رہے ہیں اور 69 ٹیسٹ اور 219 ایک روزہ مقابلوں میں ملک کی نمائندگی کی ہے جس میں 13 ٹیسٹ مقابلوں میں کپتانی بھی شامل ہے۔آپ کراچی میں معین خان اکیڈمی نامی ادارہ بھی چلاتے ہیں، جہاں نوجوان کھلاڑیوں کو کھیل کو بہتر بنایا جاتا ہے۔

ویسے معین خان کی جوڑی ثقلین مشتاق سے جچتی تھی، یہ امر ان کے اختیار میں تو نہیں لیکن وہ ثقلین مشتاق کو باؤلنگ کوچ بنوا دیں تو ایک مرتبہ پھر ہمیں یہ آواز سننے کو مل سکتی ہے "شاباش، ثقی!!"