کیریبیئن پریمیئر لیگ کا آغاز، شعیب ملک چھا گئے

0 1,083

کیریبیئن پریمیئر لیگ کے آغاز کے ساتھ ہی پاکستانی کھلاڑی بھی ایکشن میں آ گئے۔ گزشتہ شب شروع ہونے والی لیگ کے افتتاحی میچ میں تین پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنے جوہر دکھائے۔ لیگ کے دوسرے ایڈیشن کاافتتاحی مقابلہ بارباڈوس ٹرائیڈنٹس اور سینٹ لوشیا زوکس کے مابین کھیلا گیا جس میں بارباڈوس کے کپتان کیرون ٹاس جیت کر پہلے بلے بازوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا۔

شعیب ملک نے صرف 51 گیندوں پر 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 78 رنز بنائے (تصویر: Getty Images)
شعیب ملک نے صرف 51 گیندوں پر 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 78 رنز بنائے (تصویر: Getty Images)

کیرون پولارڈ کی ٹیم میں دو پاکستانی شعیب ملک اور عمر اکمل شامل تھے۔ باربا ڈوس کی ابتدائی دو وکٹیں 30 کے مجموعی اسکور پر گرگئیں، ڈیرن اسمتھ صفر اور جوناتھن کارٹر 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کے بعد پاکستان کے شعیب ملک نے کمان سنبھالی۔ گو کہ دوسرے اینڈ سے دو مزید وکٹیں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن 5 رنز اور پاکستان کے عمر اکمل صفر کی صورت میں جلد گرگئیں اور 48 پر پانچ وکٹیں گرنے چکی تھی۔ لیکن اس موقع پر کپتان پولارڈ نے شعیب ملک کے ساتھ مل کر اننگز سنبھالی اور دونوں کے درمیان 88 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی۔ شعیب ملک محض 51 گیندوں پر 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 78 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ کیرون پولارڈ نے 46 گیندوں پر 4 چوکے اور 3 چھکے لگاکر 61 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ باربا ڈوس نے 5 وکٹیں گنواکر 169 رنز جوڑے۔ سینٹ لوشیا زوکس کے کپتان ڈیرن سیمی نے دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔

جواب میں سینٹ لوشیا کی جانب سے بنگلہ دیش کے تمیم اقبال نے آندرے فلیچر کے ساتھ مل کر 57 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا ۔ 14 گیندوں پر 4 چوکوں سے مزین 22 رنز بنانے کے بعد تمیم اقبال آؤٹ ہوئے ، جلد ہی سینٹ لوشیا کو ہرشل گبز 7 اور ڈیرن اسمتھ 9 رنز کی وکٹیں بھی گنوانا پڑیں۔ 57 رنز بنانے والے فلیچر کے بعد پاکستانی کپتان مصباح الحق بھی 12 رنز پر پویلین لوٹ آئے۔ یہیں پر صورتحال نازک ہوگئی، البی مورکل، شین شلنگ فورڈ ، گیری مارٹن اور ٹینو بیسٹ رنز کا کھاتہ ہی نہ کھول سکے۔

کپتان ڈیرن سیمی نے 4 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے بنائے گئے 35 رنز بنائے سینٹ لوشیا کو 152 رنز تک لے گئے لیکن ٹیم آخری اوور میں آل آؤٹ ہوگئی۔ کیرون پولارڈ نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

78 رنز اور ایک وکٹ کی شاندار کارکردگی پر شعیب ملک میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

سی پی ایل میں آج محمد حفیظ کی ٹیم گیانا ایمیزن واریئرز اور ڈیوین براوو کی زیر قیادت ٹرینڈا اینڈ ٹوباگو ریڈ اسٹیل کا میچ کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح پانچ بجے کھیلا جائے گا۔