شاہد آفریدی کی نظریں اب 400 وکٹوں پر

0 1,088

شاہد آفریدی کا شمار دنیا کے ان خوش قسمت ترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے، جن پر جب بھی برا وقت آیا، قسمت اچانک ان پر اتنی مہربان ہوئی کہ وہ ایک مرتبہ پھر دنیائے کرکٹ کے آسمان پر ستارہ بن کر چمکنے لگے۔ کچھ ایسا ہی معاملہ حالیہ دورۂ ویسٹ انڈیز میں ہوا جہاں انہوں نے شاندار کارکردگی کے ذریعے ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا۔

شاہد آفریدی ایک روزہ کرکٹ میں 358 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں اور یہاں ان کے چھکوں کی تعداد 314 ہے، کیا وہ 400 کا جادوئی سنگ میل حاصل کرپائیں گے (تصویر: WICB)
شاہد آفریدی ایک روزہ کرکٹ میں 358 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں اور یہاں ان کے چھکوں کی تعداد 314 ہے، کیا وہ 400 کا جادوئی سنگ میل حاصل کرپائیں گے (تصویر: WICB)

یوں وہ شاہد آفریدی جن کے بین الاقوامی کرکٹ کیریئر پر سوال ثبت ہوگیا تھا، نہ صرف ایک مرتبہ پھر خبروں میں ہیں بلکہ قوم سمیت سابق کرکٹرز تک نے ایک مرتبہ پھر ان سے قوی امیدیں باندھ لی ہیں۔

اس کا اندازہ خود شاہد آفریدی کو بھی ہے اور بدھ کی صبح ویسٹ انڈیز سے وطن واپس پہنچنے پر انہوں نے ہوا کا رخ دیکھتے ہوئے اپنی نئی خواہش کا اظہار بھی کردیا ہے، جو اپنی جگہ ایک تمنا تو ہے ہی لیکن ساتھ میں آئندہ کافی عرصے تک کرکٹ جاری رکھنے کا عندیہ بھی ہے۔ کراچی ایئرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کے دوران شاہد آفریدی نے اپنی فٹنس اور فارم پر اعتماد کا اظہار کیا اور بین الاقوامی کرکٹ میں 400 چھکوں کا سنگ میل عبور ہونے پر اللہ کا شکر بھی ادا کیا۔

اب شاہد آفریدی کہتے ہیں کہ ان کی نظریں ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں 400 وکٹیں حاصل کرنے پر مرکوز ہیں اور انہیں یقین ہے کہ وہ یہ سنگ میل بھی جلد عبور کرلیں گے۔ اس وقت ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں شاہد آفریدی کی وکٹوں کی تعداد 358 ہے اور انہیں مزید 42 وکٹوں کی ضرورت ہے۔ بحیثیت مجموعی بین الاقوامی کرکٹ میں شاہد کی وکٹیں 470 ہیں جن میں سے 48 وکٹیں انہوں نے ٹیسٹ اور 64 ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں حاصل کی ہیں۔

شاہد آفریدی کی خواہش ہے کہ ون ڈے کرکٹ میں 400 چھکے اور 400 وکٹیں لینے والے کا ایسا آل راؤنڈر ریکارڈ بنادیں، جسے توڑنا طویل عرصے تک ممکن نہ ہو اور وہ کرکٹ کتاب میں سنہرے الفاظوں میں یاد رکھے جائیں گے۔ اس وقت صرف ایک روزہ کرکٹ میں شاہد آفریدی کے چھکوں کی تعداد 314 ہے اور اس سنگ میل کو عبور کرنے کے لیے وہ ابھی کافی عرصے تک قومی ٹیم کی نمائندگی کرنا چاہیں گے۔