ویمنز ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کوالیفائر کا پاک- لنکا فائنل بارش کے باعث موخر

0 1,047

پاکستان اور سری لنکا کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے لیے ہونے والا آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کوالیفائرز فائنل بارش کے باعث اگلے روز تک کے لیے موخر کر دیا گیا ہے۔ پاکستان نے سری لنکا کو 113 رنز کا ہدف دیا ہے اور سری لنکا کی خواتین ٹیم کل اپنی باری میں اس ہدف کو پورا کرنے کی کوشش کرے گی۔

پاکستان کی خواتین ٹیم ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہتے ہوئے فائنل تک پہنچی ہے (تصویر: ICC)
پاکستان کی خواتین ٹیم ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہتے ہوئے فائنل تک پہنچی ہے (تصویر: ICC)

ڈبلن میں ہونے والے اس مقابلے میں سری لنکن ویمنز ٹیم کی کپتان شاشیکالا سری وردھنے نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بلے بازی کی دعوت دی۔ جس کی ابتدائی دو وکٹیں محض 27 رنز پر اس وقت گریں جب اوپنر جویریہ خان 11 اور ناہیدہ خان 8 رنز بناکر آؤٹ ہوگئیں ۔ ان کے بعد نین عابدی اور بسمہ معروف نے پاکستانی اننگز کو محتاط انداز میں آگے بڑھایا بلکہ تقریباً آخر تک ہی پہنچا گئیں جب آخری اوور میں 109 کے مجموعے پر نین عابدی کیچ آؤٹ ہوگئیں۔ انہوں نے 50 گیندوں کی دو چوکوں کی مدد سے 45 رنز بنائے۔ اسی اوور میں ندا ڈار 1 رن بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئیں اور پھر قانطہ جلیل بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ۔ بسمہ معروف 35 گیندوں پر 35 رنز بنا کر ناقابل شکست میدان سے لوٹیں۔ ان کی اننگز میں ایک چوکا بھی شامل تھا۔ پاکستان کی باری 5 وکٹوں کے نقصان پر کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچی اور یوں سری لنکا کو 113 رنز کا ہدف ملا۔

لیکن اس سے قبل سری لنکا کی خواتین ہدف کے تعاقب کے لیے میدان میں آتیں، بارش نے ایسا جلوہ دکھایا کہ کھیل دوبارہ شروع ہی نہ ہو سکا۔ کیونکہ فائنل کے لیے اضافی دن موجود تھا، اس لیے انتظامیہ نے مقابلے کی دوسری اننگز کو کل تک کے لیے ملتوی کردیا۔

ایونٹ میں پاکستانی ٹیم ناقابل شکست رہتے ہوئے فائنل تک پہنچی تھی۔ سیمی فائنل میں آئرلینڈ کو بآسانی قابو کرتے ہی پاکستانی ٹیم نے آئندہ سال بنگلہ دیش میں ہونے والے ویمنز ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے کوالیفائی کرلیا تھا۔