ویمنز ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کوالیفائر فائنل بارش کی نذر، پاکستان اور سری لنکا مشترکہ فاتح قرار

0 1,121

ویمنز ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کوالیفائر کا فائنل اضافی دن بھی نہ ہو سکا اور یوں پاکستان اور سری لنکا کو مشترکہ طور پر فاتح قرار دے دیا گیا۔ آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن میں ہونے والے اس مقابلے کو گزشتہ روز مکمل ہونا تھا لیکن پاکستان کی اننگز کی تکمیل کے بعد اتنی زوردار بارش ہوئی کہ کھیل دوبارہ ممکن نہ ہو سکا اور اسے آج کے اضافی دن کے لیے موخر کر دیا گیا لیکن گزشتہ رات کی بارش کی وجہ سے میدان بہت زیادہ گیلا تھا جس کی وجہ سے کھیل نہ ہو سکا اور پاکستان اور سری لنکا مشترکہ فاتح قرار پائے۔

پاکستان کی خواتین ٹیم ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہتے ہوئے فائنل تک پہنچی ہے (تصویر: ICC)
پاکستان کی خواتین ٹیم پورے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہی (تصویر: ICC)

پاکستان نے گزشتہ روز سری لنکا کی دعوت پر پہلے بلے بازی کی تھی اور نین عابدی اور بسمہ معروف کی عمدہ بلے بازی کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 112 رنز بنائے تھے۔ نین عابدی نے 50 گیندوں کی دو چوکوں کی مدد سے 45 اور بسمہ معروف نے 35 گیندوں پر اتنے ہی رنز بنائے۔

اس کوالیفائر ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم ناقابل شکست رہی اور سیمی فائنل میں آئرلینڈ کو باآسانی شکست دے کر اگلے سال بنگلہ دیش میں ہونے والے ویمنز ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے کوالیفائی بھی کرلیا۔