دومنی کی آل راؤنڈ کارکردگی، جنوبی افریقہ پہلا ٹی ٹوئنٹی جیت گیا

0 1,099

دورۂ سری لنکا میں پے در پے تین شکستوں کے بعد بالآخر جنوبی افریقہ کو میزبان پر فتح مل ہی گئی، گو کہ اس سے ایک روزہ سیریز میں بدترین شکست کا داغ نہیں دھلے گا لیکن پھر بھی پروٹیز نے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے مقابلے میں کامیابی کا مزا تو چکھ ہی لیا۔

دومنی نے نصف سنچری کے بعد سب سے زیادہ تین وکٹیں بھی حاصل کیں (تصویر: AP)
دومنی نے نصف سنچری کے بعد سب سے زیادہ تین وکٹیں بھی حاصل کیں (تصویر: AP)

کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں ہونے والے مقابلے میں جنوبی افریی کپتان فف دو پلیسی نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کی ٹھانی اور 6 کے مجموعے پر کوئنٹن ڈی کوک کی وکٹ گری تو ایسا لگتا ون ڈے سیریز کا ری پلے یہاں ٹی ٹوئنٹی میں بھی ہوگا۔ پھر 12 کے مجموعے پر ہنری ڈیوڈز کی وکٹ نے تو گویا اس بات پر مہر ثبت کردی۔ گمان تھا کہ جنوبی افریقہ ایک مرتبہ پھر اسپن جال میں پھنس جائے گا۔

حالات اس قدر گمبھیر ہوگئے کہ 50 کے مجموعے تک پہنچتے پہنچتے دو مزید وکٹیں گر چکی تھیں، جن میں فف دو پلیسی 8 رنز اور ابراہم ڈی ولیئرز 15 رنز شامل تھے۔

اس مرحلے پر مرد بحران ژاں-پال دومنی اور ڈیوڈ ملر سری لنکن باؤلرز کے سامنے ڈٹ گئے اور رنز بٹورنے کا کوئی موقع ضایع نہ کیا۔ دونوں کے درمیان پانچویں وکٹ پر 56 رنز کی قیمتی شراکت داری نے اسکور کو 106 رنز تک پہنچا دیا۔ اس مقام پر ملر 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ژاں پال دومنی اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد آؤٹ ہوئے تو اسکور 113 رنز تھا۔ دومنی نے 52 گیندوں پر تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 51 قیمتی رنز بنائے اور انہی کی بدولت جنوبی افریقہ مقررہ 20 اوورز کے اختتام پر 115 کے قابل عزت مجموعے تک پہنچ گیا۔

سری لنکا کی جانب سے پہلا ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والے سچیتھرا سینانائیکے نے 14 رنز دے کر سب سے زیادہ یعنی 3 وکٹیں حاصل کیں۔

ایک معمولی ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی وکٹیں خزاں کے پتوں کی طرح گرتی رہیں اور 20 اوورز میں وہ 9 وکٹوں کے نقصان پر 103 رنز ہی بنا سکے۔

کوشال پیریرا، کپتان دنیش چندیمال 8، تلکارتنے دلشان 9، اینجلو میتھیوز 4 اور جیون مینڈس، لاہیرو تھریمانے، تھیسارا پیریرا، سینانائیکے اور لاستھ مالنگا صفر پر پویلین لوٹے۔

کمار سنگاکارا واحد بلے باز تھے جو ڈٹے رہے۔ انہوں نے 53 گیندوں پر 9 چوکوں کی مدد سے 59 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی لیکن یہاں یہ اننگز فتح گر ثابت نہ ہو سکی۔

اب جنوبی افریقہ کو تین ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کی سیریز میں ایک-صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

جے پی دومنی نے باؤلنگ کے بھی جوہر دکھائے اور تین حریف کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اسی آل راؤنڈ کارکردگی پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دونوں ٹیمیں اب دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں 4 اگست کو ہمبنٹوٹا میں مدمقابل ہوں گی۔