ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کوالیفائر فاتح پاکستانی ویمنز ٹیم وطن واپس پہنچ گئی

آئی سی سی ویمنز ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کوالیفائر کی مشترکہ چیمپئن پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم دو حصوں میں وطن واپس پہنچ گئی۔

پہلے مرحلے میں ٹیم کی چند کھلاڑی ثناء میر کی قیادت میں لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچیں جہاں پاکستانی کپتان کا کہنا تھا کہ یہ دورہ بہت کامیاب رہا اور انگلستان کو پہلی مرتبہ شکست دینا کسی اعزاز سے کم نہیں۔ علاوہ ازیں انہوں نے کوچ باسط علی کے ساتھ اختلافات کی خبروں کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم فتح کے راستے پر ہے اور ہماری کامیابیاں پاکستان ویمنز کرکٹ کو بدل کر رکھ دیں گی۔
دوسرے مرحلے میں 6 پاکستانی کھلاڑی کوچ باسط علی کے ہمراہ کراچی کے قائد اعظم انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچیں، جہاں باسط علی نے اپنے استعفے سمیت دورے کے حوالے سے کوئی بھی بات کرنے سے انکار کردیا۔ تاہم کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ وہ بہت خوش ہیں، ایک تو کامیاب دورہ، پھر پانچ عیدوں کے بعد اس مرتبہ عید کی خوشیاں گھر والوں کے ساتھ منانے کا موقع۔
پاکستان نے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کوالیفائر میں ناقابل شکست رہتے ہوئے فائنل تک رسائی حاصل کی لیکن فائنل مقررہ دونوں دنوں میں بھی مکمل نہ ہو سکا جس کی وجہ سے پاکستان اور سری لنکا کو مشترکہ طور پر فاتح قرار دیا گیا۔ اس ٹورنامنٹ میں ان کامیابیوں کی بدولت پاکستان اگلے سال بنگلہ دیش میں ہونے والے ورلڈ ویمنز ٹی ٹوئنٹی میں کھیلنے کا حقدار قرار پایا ہے۔