عید کا پرمسرت تہوار، کھلاڑی بھی گھروں کو پہنچ گئے

0 1,073

مسلمانوں کے لیے اللہ تبارک تعالیٰ کی جانب سے خوشی کے دو تہوار مقرر کیے ہیں جن میں سے پہلا رمضان المبارک کے روزوں کے اختتام پر عید الفطر ہے۔ جہاں دنیا بھر میں مسلمان اس پرمسرت موقع پر خوشیاں سمیٹ رہے ہیں ، وہیں کھلاڑی بھی اس بار خوش قسمت ہیں کہ بیشتر کو اپنے گھروں میں عید منانے کا موقع مل رہا ہے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف شاندار سیریز جیتنے کے بعد تو گویا اس عید کا مزا دوبالا ہو جائے گا۔

پاکستانی کھلاڑیوں کو اپنی بیشتر عیدیں بیرون ملک منانا پڑتی ہیں (فائل فوٹو)
پاکستانی کھلاڑیوں کو اپنی بیشتر عیدیں بیرون ملک منانا پڑتی ہیں (فائل فوٹو)

ایک جانب جہاں ٹیم کے بیشتر اراکین اس مرتبہ عید اپنے اہل خانہ کے ساتھ منائیں گے تو چند کھلاڑی ایسے بھی ہیں جو ایک مرتبہ پھر دیار غیر میں ہوں۔ ان میں ٹیسٹ اورایک روزہ کپتان مصباح الحق، ٹی ٹوئنٹی کپتان محمد حفیظ، عمر اکمل اور احمد شہزاد کیریبیئن پریمیئر لیگ میں شرکت کی وجہ سے اس مرتبہ بھی عید وطن میں نہیں منا پائیں گے لیکن دیگر تمام اراکین پرمسرت لمحات میں گھر والوں کے ساتھ ہوں گے۔

اسٹار آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی کراچی، سعید اجمل فیصل آباد، جنید خان صوابی، ناصر جمشید اور وہاب ریاض لاہور اور محمد عرفان گگو منڈی میں عید منائیں گے۔ اس موقع پر نیشنل کوچنگ سینٹر میں شریک کھلاڑی بھی اہل خانہ کے ساتھ عید منانے کا موقع ملنے پر خوش ہیں اور اپنے اپنے شہروں کو روانہ ہو گئے ہیں۔ ان میں تیز گیندباز اسد علی سرگودھا اور صہیب مقصود ملتان چلے گئے ہیں۔